وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر کا شراکت داری مزید مضبوط کرنے کا عزم

بیجنگ (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوں نے پاکستان اور چین کے درمیان آہنی اور ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی اور فسطائیت مخالف جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ پرانہیں مبارکباد پیش کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی بصیرت اور قیادت کی بدولت چین نے جدیدیت اور ترقی کی منازل طے کیں، پاکستان کو چین کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے اور وہ اس عظیم سفر میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کرے تاکہ مذاکرات کے ثمرات پاکستان کو مل سکیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا، انہوں نے صدر شی کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے ایک اہم منصوبے کے طور پر چین، پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت کو سراہا اور سی پیک کے اپ گریڈ شدہ اگلے مرحلے میں پانچ مزید راہداریوں کے کامیاب نفاذ کیلئے چین کیساتھ ملکر کام جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کثیرالجہتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے صدر شی جن پنگ کے پختہ عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں صدر شی جن پنگ کے تاریخی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے جس میں گلوبل گورننس اقدام، گلوبل ڈویلپمنٹ اقدام، گلوبل سکیورٹی اقدام اور گلوبل سولائزیشن اقدام شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدامات اجتماعی عالمی بھلائی کیلئے ضروری ہیں اور علاقائی اور عالمی امن، استحکام اور ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔