کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائےگا:فیلڈ مارشل

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا، متاثرین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کور کمانڈر گوجرانوالہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،فیلڈ مارشل کو بارشوں کے نئے سپیل اور اس کے پیش نظر اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے جوانوں اور سول انتظامیہ کے درمیان مثالی کوآرڈی نیشن کو سراہا اور ریسکیو سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی،آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کرتارپور میں سکھ برادری سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مذہبی مقامات، اقلیتوں کا تحفظ ریاست پاکستان اور اداروں کی ذمہ داری ہے، ریاست پاکستان اقلیتوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی،مشکل حالات میں عوام کی خدمت اور جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات لائق تحسین ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق سکھ برادری نے فیلڈ مارشل کی آمد کا خیر مقدم کیا، سکھ برادری نے سیالکوٹ سیکٹر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ بھی ادا کیا، فیلڈ مارشل نے جوانوں کے قوم کی خدمت کے جذبے اور تیاریوں کو سراہا، مشکل حالات میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات پر بھی جوانوں کی تعریف کی، فیلڈ مارشل نے دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا، سید عاصم منیر نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے لوگوں کی مدد کرنے، جان و مال بچانے پر سول انتظامیہ کی تعریف کی۔