موسمیاتی تبدیلیاں بڑا چیلنج، وقت ضائع کئے بغیر نئے ڈیمز بنانا ہوں گے: وزیراعظم

اسلام آباد، نارووال (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا موسمیاتی تبدیلیاں بڑا چیلنج ، وقت ضائع کئے بغیر نئے ڈیمز بنانا ہوں گے،نارووال میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعد اب پنجاب کو طغیانی کا سامنا ہے، سیلابی پانی پنجاب کے دریاو¿ں سے گزر رہا ہے، این ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں کردار ادا کر رہے ہیں، جس پر ان کا مشکور ہوں، سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس ہے،وفاقی وزراء، نارووال کی سیاسی قیادت، سول انتظامیہ اور افواج پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے، موثر پیشگی اطلاعات کے نظام کی وجہ سے نقصان کم سے کم ہوا، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، آئندہ آنےوالے سالوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنا ہے، ریسکیو اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے اداروں کو مزید متحرک ہونا ہوگا،شہباز شریف نے کہا ہمیں وقت ضائع کئے بغیر تیاری کرنی چاہیے، ہمارے پاس کئی نئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے، ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ کرنا ہوگا، پانی ذخیرہ کرنے کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لانا ہوں گے، وفاق اور صوبے سرجوڑ کر بیٹھیں گے تو حل ڈھونڈ لیں گے، 2022 میں اس طرح کی آفت آئی تھی اور تباہی ہوئی تھی، 2022 کی تباہی کا مرکزی نشانہ سندھ اور بلوچستان تھا جب لاکھوں ایکڑ پر کاشت تیار فصلیں تباہ ہوگئی تھیں،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا دریائے چناب، راوی اور ستلج میں غیر معمولی صورتحال ہے، چناب میں قادرآباد اور خانکی بیراج پر شدید سیلاب ہے، گجرات، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، سرگودھا، منڈی بہاو¿ الدین، چنیوٹ اور جھنگ متاثر ہو سکتے ہیں، راوی کا سیلابی ریلہ شاہدرہ اور نارووال کو ممکنہ طور پر متاثر کر سکتا ہے،دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوگا ن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،ترک صدر رجب طیب اردوان نے حالیہ سیلاب میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا،ترک صدر نے پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ترکیے امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن مدد کےلئے تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں مدد کی پیشکش پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ٹیلی فون کال پاکستان اور ترکیے کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے، دونوں ملک ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔