سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کیلئے انفرااسٹرکچر بنانا بہت ضروری ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (مشرق نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بھارت نے گنجائش مکمل ہونے پر ڈیموں کے سپل ویز کھول دئیے، جس کے بعد ڈاون اسٹریم ہونے کی وجہ سے ہمارے دریاوں میں سیلاب آیا، سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے انفراسٹرکچر بنانا بہت ضروری ہے، ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی بہتری کیلئے فیصلے کرنے چاہئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق دریائے راوی کے قریب شاہدرہ کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نارووال، گجرات، سیالکوٹ میں صورتحال بہت خراب ہے، تمام متعلقہ اداروں سے آئندہ سال کیلئے سیلاب سے بچاو اور نقصانات سے بچنے کیلئے منصوبہ طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ہر جان انتہائی قیمتی ہے، لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ہماری بھرپور امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بھارت میں بارشوں کے بعد ڈیموں میں پانی کا لیول بھر گیا تو انہوں نے اپنے ڈیمز کے سپل ویز کھولے، جس سے ہمارے دریاوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، پنجاب کے 3 دریاوں میں سیلابی صورتحال ہے، پنجاب میں بارشیں بھی بہت زیادہ ہوئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم اپنے متاثرہ عوام کے ہر قسم کے نقصان کا ازالہ کریں گے، میں نے راوی میں کبھی اتنا پانی نہیں دیکھا، پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے انفراسٹرکچر بنانا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس چیز پر کام کر رہے ہیں کہ سیلابی پانی کو کس طرح ذخیرہ کیا جاسکتا ہے، اب پانی کا بہاو کم ہونا شروع ہو رہا ہے، ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی بہتری کے لیے فیصلے کرنے چاہئیں۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شاہدرہ کے مقام پر کشتی میں سوار ہوکر سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔