اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورسیلاب کی تباہ کاریوں میں مدد کی پیشکش کی ہے،ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا و گلگت میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی اور سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے تعاون کی پیشکش کی،سکندر مومنی نے کہاپاکستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، آزمائش کی گھڑی میں ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ہیں، پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر بہت افسوس ہوا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیلاب زدگان کیلئے مدد کی پیشکش اور اظہار یکجہتی پر ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا،محسن نقوی نے کہا ایران اور پاکستان کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں، موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان میں ہولناک تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہیں، تاریخ میں پہلی بار پاکستان خطرناک موسمیاتی صورتحال سے گزر رہا ہے،تمام ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فیلڈ میں ہیں اور متاثرین کی بحالی و ریلیف اولین ترجیح ہے،قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلفیہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں بحرینی وزیر نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ۔
موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان میں ہولناک تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہیں: محسن نقوی

















