اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ ججز کے پروٹوکول میں اضافہ،2گاڑیاں،ڈرائیور رکھنے کے حقدار، 600 لٹرماہانہ پٹرول کی سہولت،مقدمات کی جلد سماعت کیلئے نئی پالیسی نافذ،سپریم کورٹ کے 26 اکتوبر 2024 سے 12 اگست 2025 تک کے سرکلرز ، احکامات پبلک کردئیے گئے ۔
اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کا ایک فوکل پرسن مرحوم جج کی تدفین کے انتظامات میں مدد کرےگا،سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ،ججز کی جانب سے وفد سابق جج کے مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائے گا،نئی پالیسی کے مطابق ضمانت، فیملی ،انتخابی معاملات کو ترجیح دی جائے گی، فوری نوعیت کے معاملات میں اب وکلا کو قبل از وقت سماعت کی درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، دوسرے کیسز کےلئے فوری درخواست کےساتھ ٹھوس وجوہات فراہم کرنا ہوں گی۔
سپریم کورٹ کے ججز 1800سی سی والی 2 سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے کے حقدار ہوں گے ،ایک کار دفتری ،دوسری فیملی کہلائے گی ، مینٹیننس سرکاری خرچ سے ہوگی،دونوں کاروں کیلئے ماہانہ 600لٹر تک پٹرول ملے گا،ہر جج 2 ڈرائیورز کا حقدار ہوگا،غیر معمولی حالات یا فوری ضرورت کے تحت تیسری کار بھی جج کو فراہم کی جاسکتی ہے ،منظوری رجسٹرار دےگا،تیسری کار کو 15روز سے زائد وقت تک اپنے پاس رکھنا ہو تومنظوری چیف جسٹس دیں گے ، ادائیگی طے شدہ چارجز کے تحت کرنا ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق ہر مستقل جج کو ریٹائرمنٹ کے بعد ایک ماہ کی زیادہ سے زیادہ مدت کےلئے پرائمری گاڑی رکھنے کی اجازت ہوگی،ہر جج کو سکیورٹی (سکارٹ) گاڑی اور تربیت یافتہ گن مین بھی فراہم کیا جائے گا جو اسلام آباد یا صوبائی پولیس کی جانب سے ہوگا،ریٹائرڈ ججوں کو ہوائی اڈے پر پک اپ اینڈ ڈراپ کی اعزازی سہولت ملے گی اگر ریٹائرڈ جج نے پہلے پرائمری کار نہیں خریدی تو ریٹائرمنٹ پر فرسودہ قیمت پر نئی پرائمری کار خرید سکتا ہے،ریٹائرڈ ججز اسلام آباد ،صوبائی دارالحکومتوں میں دستیاب ہونے پر سرکاری گاڑی کی فراہمی کا مطالبہ بھی کر سکیں گے،ججز نجی غیر ملکی دورے اب صرف موسم گرما اور موسم سرما کی تعطیلات کے دوران کر سکتے ہیں،چیف جسٹس کو اختیار حاصل ہے کسی بھی جج کی پہلے سے منظور شدہ چھٹی کو منسوخ یا محدود کر سکتے ہیں۔
6 مارچ 2025 کے حکم نامے میں سرکاری گاڑیوں کے نجی استعمال پر فی کلومیٹر چارجز میں اضافہ کیا گیا،موٹر سائیکل کا فی کلومیٹر کرایہ 6 سے بڑھ کر 9 روپے ہوگیا، کار ، جیپ کا فی کلومیٹر کرایہ 12 سے بڑھا کر 18 روپے کر دیا گیا، وین ،سٹیشن ویگن کا کرایہ 16 روپے فی کلومیٹر سے بڑھ کر 24 روپے ہوگیا،ایئر کنڈیشنڈ کوسٹر کا فی کلومیٹر چارج 48 سے بڑھ کر 72،نان ایئر کنڈیشنڈ کا 32 سے 48 روپے ہوگیا،قائم کی گئی پرچیز اینڈ مینٹیننس کمیٹی سپریم کورٹ کی عمارتوں ،ججز کی رہائش گاہوں کی دیکھ بھال کے فرائض سر انجام دے گی،کمیٹی عمارتوں کی دیکھ بھال ، چھوٹے کاموں اور اخراجات کا تخمینہ لگائے گی،نئی پرچیز اینڈ مینٹیننس کمیٹی کو سپریم کورٹ کی عمارتوں و گیسٹ ہاوسز کی مرمت پر 500,000 روپے تک کے کاموں کی سفارش کا اختیار دےدیا گیا۔
سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا اب اقلیتی فیصلہ بھی اکثریتی کےساتھ ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا،نئی پالیسی کے تحت سپریم کورٹ ڈے کیئر سنٹر میں صرف 4 سال تک کی عمر کے بچوں کو داخلہ ملے گا،22 مئی 2025 کے حکم نامے میں یونیورسٹیوں کے وفود کےلئے نئے قواعد نافذ کیے گئے، نئے قواعد کے مطابق مطابق صرف فائنل یا دوسرے آخری سال کے طلبہ کو اجازت ہوگی،سپریم کورٹ کا وزٹ کرنے والے تمام طلبہ کو مخصوص ڈریس کوڈ کی پابندی کرنا پڑے گی۔
ججز کےلئے پروٹوکول خدمات میں اضافہ کردیا گیا،پروٹوکول عملے کو 24/7 دستیاب رہنے اور چوکسی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کردی گئی، سپریم کورٹ ججز کو طبی کلینکس ،کلبوں کی رکنیت حاصل کرنے میں مدد دی جائے گی،ججز ،خاندانوں کےلئے سفر، رہائش و نقل و حمل کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے، نئے ایس او پیز کے تحت ججز کو ضروری دستاویزی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، ججز کے نادرا، پاسپورٹ ،سی ڈی اے کے کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے،ججوں ،خاندانوں کو رہائش میں ترجیح دی جائے گی،نجی لوگوں کے دوروں کےلئے قیام کی مدت کو 4دن تک محدود کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ ججز کے پروٹوکول میں اضافہ ،2 گاڑیوں،600 لٹر پٹرول کی سہولت

















