نارووال (بیورو رپورٹ )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد اگلی منزل معرکہ معاشی میدان ہے جس کیلئے ہمیں کمر بستہ ہونا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنہ کے تعاون سے ”بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن سنٹر“کی ناررووال میڈیکل کالج کیلئے مختلف پراجیکٹ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ آپ سب کو یوم آزادی کی مبارکباد کیونکہ یہ مہینہ آزادی کا ہے ،اس سال ہم نے معرکہ حق میں پاکستان کی سالمیت پاکستان کی آزادی کی حفاظت میں دشمن کو جو مزا چھکایا ہے وہ اسے کئی نسلوں تک یاد رہے گا ، اللہ تعالی نے پاکستان کو عظیم فتح سے ہمکنار کیا ہے جس کے لئے ہم اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، میں ان خاندانوں سے بھی ہمدردی کرنا چاہوں گا جن کے عزیز و اقارب حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہوئے ،خاص کر ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں میں کریش ہوا جس پر ساری قوم غمزدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نشان امتیاز ملنے کا اصل سہرا ان ووٹرز کو جاتا ہے جو ہر 5 سال بعد مجھے اپنے ووٹ کی طاقت میرے حوالے کرتے ہیں اور میں اس طاقت کے ساتھ ملکی سطح پر اپنا کردار ادا کرتا ہوں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا یہ پراجیکٹ پاک چین کی لازوال اور آہنی دوستی کا ثبوت ہے ،اس بندھن کو ہم مضبوط بنائیں گے،بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن ایسی راہداری ہے جو تعلیم ریسرچ اکنامک اور صحت کے شعبے میں ترقی کے سفر کو تیز کر سکیں گے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ادارے بنانے کا بنیادی مقصد یہ نہیں کہ وہ روایتی بنیں بلکہ نئے خیالات ایجادات تحقیق اور تخلیق کریں۔ہمیں نئی راہیں متعین کرنے کی ضرورت ہے ،نارووال کو ہم ''سیلیکون ویلی''بنائیں گے ،آج نیا سفر پاک چین دوستی میں نئی سمت کا اضافہ ہے جس کے نتائج دونوں ممالک کو قریب لانے اور نئی منازل پر لے کر جائیں گے۔میڈیکل کالج میرا خواب اور مشن ہے اسے ہم دنیا کے ہم پلہ بنائیں گے ،معرکہ حق میں کامیابی کے بعد اگلی جنگ معرکہ معاشی میدان ہے ہمیں کمر بستہ ہونا پڑے گا ،وہ وقت دور نہیں نارووال میڈیکل کالج روشنی کا مینار بنے گا۔
اگلی منزل ”معرکہ معاشی میدان“ ہے جس کیلئے کمر بستہ ہونا پڑ یگا: احسن اقبال

















