چینی درآمد کرنے کیلئے کم بولی مسترد، مہنگی پیشکش قبول

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)2لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کےلئے کم بولی مسترد ،مہنگی پیشکش کو قبول کرلیا گیا ،ٹریڈنگ کارپوریشن نے مسترد کی جانے والی دونوں کمپنیوں کی متعلقہ دستاویزات مکمل نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا،چینی درآمد کرنے کے ٹینڈر میں مجموعی طور پر5 کمپنیوں نے بولی جمع کرائی ،صرف 2بولیوں کو قابل قبول قراردیا گیا۔

ٹینڈر دستاویز کے مطابق ٹی سی پی نے دبئی ، سوئٹزرلینڈ کمپنیوں کی بولیوں کو منظور کرتے ہوئے فاتح قرار دےدیا،25 ہزار میٹرک ٹن چینی کی 2شپمنٹس یا ایک 50ہزار میٹرک ٹن کی شپمنٹ 5 سے 20 ستمبر تک ہوگی،2،2لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد 5 ستمبر سے 15اکتوبر تک بتدریج کی جائے گی۔

دوسری جانب سیکرٹری پرائس کنٹرول احسان بھٹہ کی درخواست پرچینی نرخوں میں 2 روپے کلو اضافے پرعملدرآمد معطل کردیا گیا،کین کمشنر پنجاب نے قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا،وزارت نیشنل فوڈسکیورٹی نے سیکرٹری پرائس کنٹرول کے پیشگی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہاعام مارکیٹ میں چینی سٹاک کی فراہمی اور شوگر ملز ایسوسی ایشن سے کوآرڈی نیشن یقینی بنائی گئی۔