اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)شہر شہر ،قریہ قریہ آزادی کا جشن،ریلیاں، ثقافتی شوز،ہرطرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار،فضاءپاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
ملک بھر میںشہری آزادی کاجشن منانے سڑکوں پر امڈ نکل آئے، چھوٹی بڑی ریلیوں ،مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں و ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، یکجہتی و خوشحالی کےلئے خصوصی دعاوں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت 31 ،صوبائی ہیڈکوارٹرز میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی وزرا نے شرکت کی،علاقائی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم کو پاکستان مونومنٹ آمد پر پھول پیش کیے۔
شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کےلئے خصوصی دعا مانگی،تقریب کے موقع پر ملی جوش و جذبے سے قومی ترانہ پڑھا گیا۔
بانی پاکستان قائداعظم کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد کی گئی،کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس ،پاک بحریہ کے جوانوں نے مزار پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے مزار قائد پر حاضری دی، گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی،دریں اثنا لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر بھی گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے، پاک رینجرز و فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر سلامی دی۔
شہر شہر ،قریہ قریہ آزادی کا جشن،پاکستان مونومنٹ پر پرچم کشائی تقریب
















