ڈھاکہ (مشرق نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔ ڈھاکہ میں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے فوٹو شوٹ میں حصہ لیا۔ ٹی20 سیریز کا آغاز اتوار 20 جولائی سے ہوگا جس میں پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا اور بنگلہ دیش کی قیادت لٹن داس کریں گے۔
پہلا میچ شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائیگا، یہ میچ شام 5 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق) شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعہ کے روز شیر بنگلہ سٹیڈیم میں اپنا پہلا تربیتی سیشن مکمل کیا۔ 15 رکنی سکواڈ بدھ کو ڈھاکہ پہنچا تھا، جمعرات کو آرام کے بعد کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تینوں ٹی20 میچز بالترتیب 20، 22 اور 24 جولائی کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں ہوں گے۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 سیریز مئی میں پاکستان میں کھیلی گئی تھی، جس میں گرین شرٹس نے 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے جو 300 ٹکہ سے 3,500 ٹکہ تک رکھی گئی ہیں تاکہ ہر طبقے کے شائقین اس میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔ بی سی بی نے ٹکٹوں کی فروخت کیلئے ڈیجیٹل نظام اپنایا ہے اور 15 جولائی سے آن لائن ٹکٹوں کی بکنگ شروع ہو چکی ہے۔
پاکستانی سکواڈ:
سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا، سفیان مقیم
بنگلہ دیشی سکواڈ:
لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن تمیم، پرویز حسین ایمون، محمد نعیم شیخ، توحید ہردوئے، جاکر علی انک، شمیم حسین پٹواری، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، شاک مہدی حسن، نسوم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شوریف الاسلام، تنزیم حسن ساکب، محمد سیف الدین
پاکستان، بنگلہ دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی


















