جہلم، چکوال، (مشرق نیوز) مون سون کی طوفانی بارش نے جہلم اور چکوال میں تباہی مچا دی، درجنوں دیہات زیر آب گئے، سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، شدید بارشوں کے باعث سیلابی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چکوال میں سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں فوج سمیت تمام انتظامیہ حصہ لے رہی ہے، شہریوں کے باحفاظت انخلا تک ریسکیو آپریشن جاری رہیگا۔ ریسکیو پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق 50 سے زائد امدادی کارکن چھ ریسکیو بوٹس کے ساتھ ڈھوک شاہ عارف، سوہاوہ، ڈھوک بدر، رسول پور، چک محمدہ، بھمپر ولیج میں رسیکیو آپریشن کر رہے ہیں۔
جہلم کے ڈھوک بدر میں پھنسنے والے 40 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، فوج نے فضائی مدد فراہم کی، رجروڑ نکہ خاص میں بھی درجنوں لوگ پھنسے ہوئے ہیں، نالہ پنہاں بپھر چکا ہے، شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق چکوال میں 470 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں اور پلوں کو نقصان پہنچا۔ تین اہم ڈیموں بکھاری کلاں، پنوال اور مسوال کے بند ٹوٹنے سے سیلابی ریلے نے قریبی آبادیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
جہلم، چکوال: بارش سے تباہی، تین ڈیم بھی ٹوٹ گئے، شہریوں کی نقل مکانی
















