اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافے، کینسر، دل کے امراض اور زندگی بچانے والی ادویات کی درآمد پرمزید 5سال استثنیٰ منظورکرلیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافے، کینسر، دل کے امراض اور زندگی بچانے والی ادویات کی درآمد پرمزید 5سال استثنیٰ،وزارت بحری امور کی سفارش پر سی کیرج شپنگ ڈاکومنٹس بل 2025 کے مسودے پر ضروری قانونی کارروائی شروع کرنے سمیت اہم فیصلوں کی منظوری دےدی، پنشن میں اضافہ ادارہ اپنے وسائل سے دےگا،اطلاق یکم جنوری2025 سے ہو گا۔
وزیراعظم نے ای او بی آئی میں ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کردی،کمیٹی ادارے میں اصلاحات کے علاوہ غیر منظم لیبر سیکٹر جیسا گھریلو، کاشتکاری سے وابستہ ودیگر شعبوں کے ملازمین جنہیں اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا کو اولڈ ایج بینیفٹس کی فراہمی کیلئے تجاویز پر غور کرے گی، غیر منظم سیکٹر کی اصلاحات سے اب تک نظر انداز ہونےوالے ملازمین کو حقوق ملیں گے۔
استثنیٰ والی ادویات انسانی زندگیوں کو بچانے کےلئے انتہائی اہم ہیں ،فوری دستیابی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے استثنیٰ دیا گیا،ادویات صرف ہسپتالوں ،متعلقہ اداروں میں دستیاب ہوں گی ،کھلے عام فروخت پر پابندی اور درآمد کےلئے پہلے لائسنسنگ اتھارٹی سے منظوری درکار ہو گی، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 2 اور 3 جولائی 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی
ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافہ،ادویات کی درآمد پرمزید 5سال استثنیٰ منظور
















