بجلی صارفین کیلئے سخت پالیسی، پروٹیکٹڈ کی سہولت سے استفادہ کیلئے 7 ماہ کی مسلسل مشق لازم

لاہور (میاں ساجد سے) پاور ڈویژن نے پروٹیکٹ اور نان پروٹیکٹ صارفین کیلئے سخت پالیسی مسلط کردی۔ 199 یونٹ کی قیمت 10 روپے اور 201 کے اضافی یونٹ پر 3 ہزار کی اضافی رقم کی ادائیگی کا نفاذ قومی خزانے کا پیٹ بھرنے کی عملی نمونہ ہے۔ 199 یونٹ والے صارفین کو سہولت سے استفادے کیلئے 7 ماہ تک 199 تک یونٹ تک محدود رہنا ضروری قرار دیدیا۔ ایک ماہ تک ایسی بچت بے سود، صارف کو یونٹ 3 ہزار کا پڑیگا۔ پاور ڈویژن کی نئی پالیسی نے پاکستانی عوام کو مصیبت میں مبتلا کرکے ذہنی مریض بنا دیا۔ 3083 کا بل 199 یونٹ پر اور اس سے ایک یونٹ بھی بڑھا تو یہی بل صارف کے بل میں آٹومیٹک اضافے کے ساتھ 8154 کی ادائیگی صارف کے ذمہ واجب ہوگی۔ حکومت کی سخت پالیسی نے عوام کا جینا محال کردیا۔ عوامی حلقوں نے حکومت کی اس پالیسی کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجائے مہنگائی کم کرنے کے ہم پر بجلی کے بل میں نئی پالیسی کو واضح کرکے ہمارا سکون برباد کردیا ہے۔ پاور ڈویژن نے آئی ایم ایف کو خوش کرتے ہوئے عوام پر کو مصیبتوں کے نئے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ منسٹری آف پاور نے اس حوالے سے عوام کو بجلی کے ٹیرف میں اتنا بڑا اضافہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ غریب عوام کی کوئی حیثیت نہیں، بس قومی خزانے کا پیٹ بھرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دوسری طرف ترجمان لیسکو نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی جتنی بھی تقسیم کار کمپنیاں ہیں۔ جن کی تعداد 10 ہے، ان میں ہی سے ایک تقسیم کار کمپنی لیسکو ہے جس کے صارفین کو 199 یونٹس کے استعمال پر 3083 اور ایک اضافی یونٹ پر 8154 کی رقم کی ادائیگی کا سارا بوجھ صارف کو خود ہی اٹھانا پڑیگا۔ فلیٹ ریٹ سے وہی صارف مستفید ہو سکتا ہے جو 7 ماہ تک 199 یونٹ تک بجلی استعمال کرے ۔پاور ڈویژن کی جانب سے یہ پالیسی وضع کی گئی ہے جس پر عملدرآمد کرنے والے صارف ہی اسکے مستحق ہوں گے۔