اسلا م آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے عوام کی سہولت کےلئے ٹیکس گوشواروں کو ڈیجیٹل، مختصر اور مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک کرکے آسان ترین بنا دیا گیا ہے، اب نئے آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مستفید ہوگا، ٹیکس نظام کی اصلاحات کے مثبت ثمرات وزیر خزانہ، معاشی ٹیم، چیئرمین ایف بی آر اور انکی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، حکومت کی اولین ترجیحات میں ٹیکس بیس کا اضافہ اور غریب آدمی پر ٹیکس کے بوجھ میں مزید کمی شامل ہیں،شہباز شریف نے ہدایت کی ٹیکس گوشواروں کی آسانی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ نئے نظام کے تحت گوشوارے جمع کرائیں، ایف بی آر کی تمام اصلاحات کی شفافیت کےلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے،وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن، مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام کے اطلاق اور دیگر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس کو ایف بی آر کے کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ کے قیام کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا بڈنگ جلد مکمل کرکے ستمبر تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، اس سے نہ صرف مرکزی ڈیٹا میسر ہوگا بلکہ فیصلہ سازی میں بھی آسانی ہوگی،مصنوعی ذہانت پر مبنی اسیسمنٹ نظام پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا بحری جہازوں کی آمد سے پہلے تاجروں کو پیشگی گڈز ڈکلیئریشن بھرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت اَپ فرنٹ ڈیوٹیز اور ٹیکسز پر مکمل چھوٹ دی جائے گی، نظام کے اطلاق سے پیشگی گڈز ڈکلیئر یشن 3 فیصد سے بڑھ کر 95 فیصد سے زائد ہونے کی توقع ہے، ایڈوانس گڈز ڈکلیئر یشن والے کنٹینروں کو بحری جہاز سے سیدھا فیکٹری پہنچنے کی سہولت میسر ہوگی،ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے تمام چھوٹے اور بڑے کاروبار خرید و فروخت کے وقت ایف بی آر کے آن لائن نظام کے ذریعے رسید کا اجراءیقینی بنائیں گے، نظام کے تحت آئندہ چند ماہ میں 20 ہزار کے قریب کاروبار نظام کے ساتھ منسلک ہو جائیں گے، صرف ایک ماہ کے دوران نظام کے تحت 11.6 ارب کی8000 انوائسز کا اجراءہوا، نظام میں ٹیکس دہندگان کا پورٹل اور اسکی نگرانی کا ڈیش بورڈ شامل ہیں۔
آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ زیادہ مستفید ہوگا: وزیراعظم
















