طیاروں کی سیفٹی کےلئے اہم اقدام،لاہور کے متعدد علاقے ”نو برڈ زون“

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایت پرلاہور کی حدود میں طیاروں کی سیفٹی کےلئے اہم اقدام،ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ،وائلڈ لائف اور انوائر منٹ پروٹیکشن اتھارٹی متحرک ،لاہور کے مختلف علاقوں کو ”نو برڈ زون“ بنانے کیلئے ”رنگ فینسنگ“ (فضائی حفاظتی حصار بنانے) کا فیصلہ کرلیا گیا۔

مریم نواز نے مسافر جہازوں کی حفاظت کےلئے گرینڈ آپریشن اورسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پنجاب کی پہلی وائلڈ لائف فورس کو متحرک کرنے کی ہدایت کردی،ہوائی اڈوں کے قریب موجود غیر قانونی ذبحہ خانوں، پولٹری فارمز ختم کرنے کا فیصلہ ،بیکریوں کا کچرا ٹھکانے لگانے کے قانون و ضابطوں پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دےدیا گیا۔

پنجاب حکومت کے جاری کردہ حکم کے مطابق ہوائی اڈوں کے قریب ایسا کوئی کاروبار کرنے پر پابندی ہوگی جس سے پرندوں کے جمع ہونے کا خطرہ ہو،نوٹیفکیشن کے مطابق ماحولیاتی حفاظتی انتظامات کے بغیر قائم پولٹری فارمز، بیکریوں ،ذبحہ خانوں پر پابندی لگائی جائے گی، چمڑا رنگنے، چمڑے سے اشیا بنانےوالی کمپنیوں پرماحولیاتی ضابطوں کا سخت اطلاق ہوگا، کھلے عام جانوروں کی کھالیں صاف کرنے کے عمل پر پابندی لگا دی گئی ،ہوائی اڈوں کے قریب کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی، ڈھکن والے کوڑے دانوں کا استعمال لازمی قرار دےدیا گیا۔

وائلڈلائف رینجرز کو فوری آپریشن شروع کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا،لاہور مشرقی بائی پاس، مناواں ہسپتال داہوری والا، پی کے ایل آئی، چونگی امر سدھو، اچھرہ، چاہ میراں علاقے ”نو برڈ زون“ قرار دے دئیے گئے،وائلڈ لائف رینجرز، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب وائلڈ لائف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے،قانون کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں، سزائیں اور جرمانے ہوں گے،ہوائی اڈوں کے قریب کچرے کے ڈھیر جمع ہونے کا خاتمہ یقینی بنائیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہااقدامات فضائی سفر محفوظ اور سینکڑوں انسانی زندگیوں کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے کئے جا رہے ہیں،فضائی حفاظتی حصار(رنگ فینسنگ) کے ذریعے پرندوں کے طیاروں سے ٹکراو حادثات میں کمی ہو گی،دنیا بھر کے ہوائی اڈوں کے قریب ”نو برڈ زونز“ بنائے جاتے ہیں۔