لاپتہ افراد معاملے پر کمیٹی قائم،عدلیہ بنیادی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی،چیف جسٹس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں عدالتی پالیسی ساز کمیٹی نے لاپتہ افراد کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کردیا،قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس میںایڈیشنل اٹارنی جنرل ،تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی نے لاپتہ افراد کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاعدلیہ بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی،لاپتہ افراد کے معاملے پر ادارہ جاتی رسپانس کےلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی،کمیٹی معاملے پر ایگزیکٹو کے تحفظات پر بھی غور کرے گی۔

اجلاس میں جوڈیشل افسروں کو بیرونی مداخلت سے تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہائی کورٹس میں جوڈیشل افسروں کو بیرونی مداخلت سے تحفظ کے ڈھانچے کا قیام عمل میں لایا جائے گا،بیرونی مداخلت کی شکایات متعلقہ فورم پر دائر جائیں گی، جوڈیشل افسروں کی بیرونی مداخلت کی شکایات کو مقررہ ٹائم فریم میں ایڈریس کیا جائے گا۔

کمیٹی نے تجارتی مقدمات کے فوری حل کےلئے کمرشل لیٹگیشن کوریڈور کے قیام کی منظوری دے دی، فوری انصاف کے عزم کے تحت ڈبل ڈاکٹ کورٹ ریجیم منتخب اضلاع میں آزمائشی طور پر نافذ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا مالیاتی و ٹیکس معاملات پر آئینی درخواستیں ہائی کورٹس میں ڈویژن بینچز کے ذریعے سنی جائیں گی،فوجداری مقدمات کے التوا کو کم کرنے کےلئے ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹس کا فریم ورک منظور کیا گیا،جسٹس (ر) رحمت کی سربراہی میں ضلعی عدلیہ میں یکسانیت و اعلیٰ معیار یقینی بنانے کےلئے کمیٹی تشکیل دی گئی، بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، ہائی کورٹس کے رجسٹرارز ،فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل شامل ہوں گے۔

کمیٹی نے پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کی اصلاحات پر مبنی تفصیلی پریزنٹیشن کو سراہا اور زیر سماعت قیدیوں و سرکاری گواہوں کی حاضری کےلئے ویڈیو لنک کے SOPs جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،جوڈیشل اکیڈمیز پولیس افسروں کےلئے تربیت کا انعقاد کریں گی۔