راولپنڈی: (بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا ہے بھارتی حمایت یافتہ ،سپانسرڈ پراکسیز کےخلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ،بھارتی سپانسرڈ پراکسیوں کے ہاتھوں حالیہ دہشتگرد حملوں میں شہید ہونےوالوں کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
فورم نے دہشتگرد پراکسیوں کےخلاف فورسز کی حالیہ کامیابیوں کا جائزہ لیااورعزم کیا شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،عوام کا تحفظ ، سلامتی مسلح افواج کی ترجیح اوربھارتی حمایت یافتہ ،سپانسرڈ پراکسیز کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن ، جامع کارروائیاں جاری رکھنا ناگزیر ہے،فورم نے کہاپہلگام واقعہ میں واضح شکست کے بعد بھارت اب فتنہ الخوارج ،الہندوستان کی پراکسیز کے ذریعے مذموم ایجنڈے کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ ایران، ترکیہ ، آذربائیجان، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات کے حالیہ کامیاب دوروں پر پاکستان کے فعال سفارتی کردار کی تفصیلات سے فورم کو آگاہ کیا، فورم کو آرمی چیف کے تاریخی و منفرد دورہ امریکہ پر بھی بریفنگ دی گئی،دورہ امریکہ کے دوران اعلیٰ سطحی امریکی قیادت کو دو طرفہ معاملات، علاقائی و بین الاقوامی امور پر پاکستان کا بامقصد موقف براہ راست پیش کیا گیا ،فورم نے مشرق وسطیٰ ،ایران کی حالیہ پیشرفت کے تناظر میں داخلی و خارجی سلامتی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا ، جس میں طاقت کے استعمال کے بڑھتے عالمی رجحان کو بحثیت ترجیحی پالیسی ٹول کے طور پر استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیاگیا، فورم نے کہابدلتا رجحان پاکستان کےلئے نہ صرف خود انحصاری کی صلاحیتوں کو بڑھانے بلکہ قومی اتحاد و عزم کی اہمیت کو ناگزیر کرتا ہے۔
آرمی چیف نے کہادوطرفہ فوجی کشیدگی میں کسی تیسرے فریق کو شامل کرنا بھارت کی بلاک پولیٹکس کو فروغ دینے کی بے بنیاد کوشش ہے،بھونڈی کوشش کا مقصد بھارت کا خطے میں نیٹ سکیورٹی پرووائڈر کے خود ساختہ کردار کو گمراہ طور پر پیش کرنا ہے،درحقیقت دنیا واضح طور پر بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہاپسندی کے خطرناک رجحانات سے بدظن ہوتی جا رہی ہے، فورم کو جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت و ابھرتے خطرات کے پیش نظر پاک فوج کی حکمت عملی ، جدتوں پر بریف کیا گیا،آرمی چیف نے ٹرائی سروسز ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے میں پاک بحریہ ،فضائیہ کی قیادت کو بھی سراہا،کانفرنس کے اختتام پرجنرل سید عاصم منیر نے ملک کو درپیش تمام خطرات کےخلاف پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
بھارتی سپانسرڈ پراکسیز کیخلاف فیصلہ کن کارروائیاں ناگزیر ہیں، کور کمانڈرز کانفرنس

















