راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فوج کے زیر اہتمام ”آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2025“ میں پشاور سے تعلق رکھنے والے والدین سے محروم بچوں کی کفالت کیلئے قائم ادارے ”زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ فار چلڈرن“ اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ کیمپ میں ہندو، سکھ اور مسیحی طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اسے اپنی زندگی کا یادگار تجربہ قرار دیا۔سپورٹس گالا اور پیرا ٹریننگ سکول کے مختلف ایونٹس میں بچوں نے عملی مظاہروں اور جسمانی مشقوں میں حصہ لیتے ہوئے نہ صرف مہارت کا مظاہرہ کیا بلکہ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا بھرپور اظہار بھی کیا۔شرکاءنے سمر کیمپ کو پاک فوج کا نوجوان نسل سے عملی رشتہ قرار دیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ یہ کیمپ نہ صرف سیکھنے کا نادر موقع تھا بلکہ یہ انہیں پاک فوج میں شمولیت کیلئے پہلا قدم محسوس ہوا۔زمونگ کور اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے کیمپ سال میں دو بار منعقد کئے جائیں تاکہ نوجوانوں میں قومی جذبہ مزید بیدار ہو۔ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی طالبہ انمول نے کہا، ’مجھے پاکستان کی اقلیتی برادری کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔ سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ ہماری نمائندگی کرتا ہے، جو باعث افتخار ہے۔ایک اور طالبہ دیا وکرم نے کہا،سمر کیمپ سے بہت ساری یادیں لے کے جا رہے ہیں، اور ہمیں یہ سیکھنے کو ملا کہ پاکستان کی حفاظت ہم سب کا اولین فریضہ ہے۔عنیزہ انیل نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’سمر کیمپ کا حصہ بننا میرے لئے باعث فخر ہے، اور میری پہچان پاکستان ہے۔مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے موسیٰ جمیل نے کہا، ’عسکری اور سول مقررین نے ہمیں یہ شعور دیا کہ اگر پاکستان ہے تو ہم ہیں۔سکھ کمیونٹی کی طالبہ منپریت کور نے کہا، ’سپورٹس گالا اور پیرا ٹریننگ سکول کا دورہ ایک یادگار تجربہ تھا جو ہمیشہ یاد رہے گا۔سمر کیمپ 2025 میں اقلیتی برادری اور یتیم بچوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی اور قومی ہم آہنگی پر یقین رکھنے والا ملک ہے جہاں سب کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم موجود ہے۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ، زمونگ کور، اقلیتی برادری کے بچوں کی بھرپور شرکت

















