نیشنل ٹیرف کمیشن کی جدید خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہے:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی قانونی، انتظامی و دیگر ادارہ جاتی اختیارات و فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کر دی۔

شہبازشریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی نیشنل ٹیرف کمیشن کو مزید فعال کرنے کیلئے حالیہ کارکردگی کی تھرڈ پارٹی نظر ثانی کی جائے ،نیشنل ٹیرف کمیشن کی نئی ٹیرف رجیم کے تقاضوں کی بخوبی انجام دہی کیلئے جدید خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہے، این ٹی سی کے پاس ملکی کاروبار، درآمدات و برآمدات مارکیٹ کے تمام زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی موثراستعداد ہونی چاہیے، کمیشن کی خودکار اور موثر تحقیقی استعداد ملکی کاروبار کو درپیش مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے،حکومت این ٹی سی کی تربیت و وسائل کی کمی ،کام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے اپیلٹ ٹریبونل کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جاری کردہ نئی ہدایات پر پیشرفت کی بریفنگ اگلے ماہ دی جائے۔

ادھرایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے پاکستان نیشنل شپکنگ کارپوریشن (PNSC) کو بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئے جامع منصوبہ طلب کرلیا۔

وزیر اعظم نے کہا پاکستان کے شپنگ شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بحری جہازوں کی تعداد میں اضافے ،پاکستان میں کارگو کی آمدو رفت کیلئے مسابقتی بنیادوں پر پی این ایس سی کے جہازوں کے استعمال کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں، پی این ایس سی کو بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئے شعبے کے ماہرین و کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی اصلاحات سے نہ صرف شپنگ کی مد میں بین الاقوامی کمپنیوں کو ادا کئے جانے والے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ مقامی سی فیئررز کیلئے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

مزید برآں شہباز شریف سے نانگا پربت سر کرنےوالی پہلی قطری خاتون کوہ پیماءشیخہ اسماءالثانی نے ملاقات کی، شہبازشریف نے کامیابی کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ماونٹینز اینڈ ٹورازم کی سفیر مقرر کردیا،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے شیخہ عاصمہ کی غیر معمولی ہمت اور عزم کو سراہا، شہباز شریفنے ایڈونچر اور کوہ پیمائی کے ذریعے دنیا بھر کی خواتین بالخصوص نوجوانوں کو با اختیار بنانے کی آگاہی کو فروغ دینے کے حوالے سے کی تعریف کی،شیخہ اسما الثانی نے دوروں کے دوران پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا،وزیر اعظم نے شیخہ اسماءالثانی کو پاکستان واپس آنے اور پاکستان کے متنوع اور دلکش مناظر کو مزید دریافت کرنے کےلئے دعوت دی۔