جہاں تک ممکن ہو گا کراچی کے مسائل حل کرینگے: محسن نقوی

کراچی(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا یو اے ای میں پاکستانیوں کو ویزے نہیں مل رہے، کویت اور اومان میں بھی مسائل ہیں،آئندہ2 برسوں میں گرین پاسپورٹ کی اہمیت اور وقعت میں نمایاں اضافہ ہوگا، حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سفری سہولیات بڑھانے اور پاسپورٹ نظام کو جدید بنانے کیلئے سرگرم ہے، پاسپورٹ کی رینکنگ پر بھی کام جاری ہے، جلد ہی پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ ایک بڑی چھلانگ مارے گی جس پر ہمیں فخر ہوگا، کراچی صحتمند ہوگا تو پاکستان صحت مند ہوگا، آنے والے وقت میں کمی اور کوتاہیاں مزید ختم کی جائیں گی،محسن نقوی نے کہا2 سال میں ہم نے سمگلنگ کو بہت حد تک کنٹرول کیا ،1 ہزار 2کلومیٹر کی کوسٹ لائن ہے اور ہمارے پاس محض 6 کوسٹ گارڈ بوٹس ہیں، اب مزید اس میں 2 بوٹس کا اضافہ کیا ہے، کوسٹ گارڈز کو مزید مضبوط کریں گے،شناختی کارڈ میں شہریوں کے کریمنل ریکارڈ کے حوالے سے نادرا سے گفتگو ہو رہی ہے، سیف سٹی پراجیکٹ کی وجہ سے جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے، کراچی کا سیف سٹی پراجیکٹ بھی جرائم میں کمی کا سبب بنے گا،خصوصی پاسپورٹ کی 64 بڑے ٹیکس دہندگان کو آفر کی تھی، صرف 18 نے استفادہ کیا،وزیر داخلہ نے کہا انکروچمنٹ کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کے کئی اجلاس ہوتے ہیں، ریاست کو قدرے ”ہارڈ“ کرنے کی بات ہوتی ہے، یہ نہیں جس کو جو مرضی آئے وہ کرے، انفورسمنٹ کو مضبوط کر رہے ہیں،پانی کی ترسیل کی اگر بات کی جائے تو ہم نے کبھی بڑے شہروں پر پلاننگ کی ہی نہیں ، امید ہے آنے والے وقتوں میں اس پر بھی مثبت پیشرفت ہوگی، ہڑتال ہر ایک کا حق ہے اگر پر امن کی جائے، ہمارا مقصد ملکی معیشت کی بہتری ہے جو اس وقت انتہائی اہم ہے، سمگلنگ مکمل ختم نہیں ہوئی لیکن بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے معیشت میں بہتری آئی ہے،وزیر داخلہ نے مزید کہا پولیس کا کام گرفتار کرنا ، سزا دینا عدالت کا کام ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر ریفارمز کی بھی ضرورت ہے، اگر ہمیں سزا دینے کا اختیار مل جائے تو سزا بھی دے دیں گے، آنے والے دنوں میں دیکھیں گے کہ ڈالر کی بلیک مارکیٹ میں خرید و فروخت کو ختم کردیں گے، معیشت کی بہتری ہمارا سب سے اہم ہدف ہے۔