حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی بدولت آج اسلام زندہ ہے: گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے 10محرم الحرام عاشورہ کے موقع پرراولپنڈی،تلہ گنگ، جنڈ،اٹک اور اسلام آباد میں عاشورہ کے ماتمی جلوسوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے عاشورہ جلوسوں کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یوم عاشور حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف جہاد کر کے حضرت امام حسین علیہ السلام نے حق، صبر، قربانی اور اصول پرستی کا عالمی پیغام دیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کی بدولت آج اسلام زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اللہ پاک ہمیں بھی امام حسین علیہ السلام کے راستے پر چلنے اور حق و سچ کیلئے ثابت قدم رہنے کی توفیق عطافرمائے۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یوم عاشورہ کے جلوس پرامن انداز سے اپنی اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ رضا کاروں کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ امن و امان قائم رکھنے میں امن کمیٹی اورعلماءکرام سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔