نظرثانی درخواستیں منظور ،12جولائی کا فیصلہ کالعدم،پی ٹی آئی مخصوص نشستوں سے محروم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نظرثانی درخواستیں منظور ،پی ٹی آئی مخصوص نشستوں سے محروم،سپریم کورٹ نے 7-5کی اکثریت سے 12جولائی کافیصلہ کالعدم قرار دےدیا،ججز میںجسٹس امین الدین، نعیم اختر افغان، مسرت ہلالی، شاہد بلال حسن، عامر فاروق، ہاشم کاکڑ ،علی باقر نجفی شامل ہیں، آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے مختصر فیصلہ سنایا۔

4صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا نظرثانی بنچ13 ججز پرمشتمل تھا، 2ججز جسٹس عائشہ ملک ،عقیل عباسی نے پہلے دن ہی درخواستوں کو مسترد کیا جبکہ جسٹس صلاح الدین پنہورنے بنچ سے علیحدگی اختیار کرلی،7ججزکی اکثریت کےساتھ نظرثانی درخواستیں منظورکرلی گئیں، تمام سول نظرثانی درخواستیں منظور اور 12 جولائی2024 کا اکثریتی فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بحال کردیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے 39 نشستوں کی حد تک اپنی رائے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، جسٹس علی مظہر ،حسن اظہر رضوی نے مشروط نظرثانی درخواستیں منظور کرتے ہوئے لکھا نشستوں کی حد تک معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہیں، الیکشن کمیشن تمام متعلقہ ریکارڈ دیکھ کر طے کرے کس کی کتنی مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔

فیصلے کے بعد قومی و صوبائی اسمبلی کی 77 مخصوص نشستیں بحال،قومی 22 اور صوبائی اسمبلی کی 55 نشستیں حکومتی اتحاد کو مل گئیں، اضافی نشستیں ملنے سے حکمران اتحاد نے دو تہائی اکثریت حاصل کرلی ، 336 کے ایوان میں دو تہائی اکثریت کےلئے 224اراکین کی ضرورت ہے مگر اب حکمران اتحاد کو 237 اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی ۔

قبل ازیں سماعت کے درمیان جسٹس جمال مندوخیل سمیت دیگر ججز ، وکیل حامد خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا،حامد خان نے کہا مثالیں موجود ہیں آپ سماعت نہیں کر سکتے، جسٹس مندوخیل نے کہا کہاں لکھا ہے کیس کی سماعت نہیں کر سکتے؟ سپریم کورٹ رولزمیں دکھائیں کیسے نہیں کرسکتے سماعت؟اگر آپ نے دلائل دینے ہیں تو دیں ورنہ واپس کرسی پر بیٹھ جائیں یہ سپریم کورٹ ہے، مذاق بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، آپ اچھے وکیل ہیں مگر جو آپ نے کیا ،اچھے وکیل کارویہ نہیں ۔

حامد خان نے جواب دیا آپ کو کوئی حق نہیں ایسی بات کہیں، اتنی سختی کیسے کرسکتے ہیں؟ میں سپریم کورٹ کی عزت کرتا ہوں آپ میرے کنڈکٹ پر بات کیسے کرسکتے ہیں؟ ،جسٹس مندوخیل نے تنبیہ کی ایسا نہیں سختی کرنا نہیں آتی،حامد خان نے جسٹس مندوخیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ دوسروں کو بات نہیں کرنے دیتے، سن تو لیں، عزت سے بات کریں،حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا قاضی فائز عیسیٰ کیس کی مثال ہے، قاضی فائزعیسیٰ کیس میں طے ہوا اصل کیس سے کم ججز نظرثانی کیس کی سماعت نہیں کرسکتے۔

جسٹس مندوخیل نے کہا قاضی فائز عیسیٰ کا نام نہ لیں آپ سپریم کورٹ رول پڑھیں، حامد خان نے جواب دیا میں کیوں قاضی فائز عیسیٰ کا نام نہ لوں؟ ،جسٹس مندوخیل نے کہا سختی کرنا آتی ہے، آپ کو کہا ہے رول پڑھیں،حامد خان نے جسٹس جمال مندوخیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ غصے کی حالت میں ہیں ،سماعت نہ کریں، جسٹس مندوخیل نے جواب دیامائنڈ یور لینگویج! میں کس حالت میں ہوں مجھے معلوم ہے، ادارے کی خاطر اپنی والدہ کی فاتحہ چھوڑ کرآیا ہوں آپ مذاق پر تلے ہیں،عزت سے عزت ملتی ہے، آپ کی عزت ہے تو سپریم کورٹ کی وجہ سے ہے، آج ہم ہیں، کل نہیں ہوں گے۔

وکیل حامد خان نے دلائل دیئے 13 ججز کے فیصلے کےخلاف 10 جج بیٹھ کر سماعت نہیں کرسکتے، جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیئے 13 میں سے الگ ہونے والے ججز کی رائے بھی شمار ہو گی،وکیل حامد خان سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہاآپ کا احترام کرتے ہیں مگر 26 ویں ترمیم عدلیہ نہیں پارلیمنٹ نے کی، آپ نے 26 ویں ترمیم کےخلاف ووٹ نہیں دیا، بائیکاٹ کیا جب تک 26 ویں ترمیم آئین کا حصہ ہے ہم اس کے پابند ہیں ،آپ سسٹم کو تسلیم کر لیں یا پھر وکالت چھوڑ دیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے حامد خان سے استفسار کیا آپ نے گزشتہ روز میرے مینٹور قاضی فائز عیسیٰ کا نام لیا، سٹنگ ججز پر الزامات عائد کیے، آپ کو کس نے حق دیا؟ آپ نے سپریم کورٹ کو ڈی چوک بنا دیا،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے آزاد امیدواروں کو قانون کے مطابق 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوتا ہے،کیا نوٹیفکیشن کے بعد الیکشن کمیشن، ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ سے کسی نے درخواست کی مخصوص نشست دی جائے؟،عدالت نے ہر ممکن موقع فراہم کیا، آپ کو اتنے شارٹ پچ بال دیئے چھکے لگا سکتے تھے لیکن آپ نہ لگا سکے، عدالت نے پی ٹی آئی کو بھی بارہا موقع دیا آکر اپنا موقف پیش کرے لیکن وہ پیش نہ ہو سکے۔

جسٹس مندوخیل نے کہا علی خان عدالت میں موجود تھے،10 مرتبہ کہا کوئی روسٹرم پر آ جائے لیکن کوئی نہیں آیا،معذرت کےساتھ جاننا ضروری ہے کس طرح سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا؟ اس نوعیت کے فیصلے کی باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہئیں،جسٹس مندوخیل نے افسوس کا اظہار کیا اب سارے نقصان کا ملبہ عدالت پر ڈالا جا رہا ہے حالانکہ عدالت نے فریقین کو مکمل موقع دیا،قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے اور ضروری ہے حقائق سامنے لائے جائیں، سنی اتحاد کونسل کو 13 رکنی بنچ نے واضح طور پر بتایا تھا آپ کاحق نہیں بنتا،عدالت اس وقت ہی کوئی فیصلہ کرتی ہے جب سامنے 2 فریق موجود ہوں،جسٹس مندوخیل نے خود احتسابی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تسلیم کرتا ہوں بطور عدالت اپنے اختیارات کو بہت پھیلا لیا یہی بات اس وقت کی صورت حال کا باعث بنی ،وکیل حامد خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا اسی لیے کہہ رہا ہوں اگر وہ اکثریتی جج بنچ میں موجود ہوتے تو آپ کو بتاتے، اشارہ سابقہ فیصلوں اور ججز کی مختلف آرا کی جانب تھا،بعد ازاں سپریم کورٹ نے حامد خان کا بنچ پر اعتراض مسترد کردیا۔

علاوہ ازیں مخصوص نشستوں پر نظر ثانی کیس کی سماعت کے آغاز میں جسٹس صلاح الدین پنہور نے کیس سننے سے معذرت کر لی اوربنچ ٹوٹ گیا،جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہاعوام کا عدلیہ پر اعتماد لازم ہے، ضروری ہے کسی فریق کا بنچ پر اعتراض نہ ہو،حامد خان نے بنچ میں کچھ ججز کی شمولیت پر اعتراض کیا جن ججز کی 26 ویں ترمیم کے بعد بنچ میں شمولیت پراعتراض ہوا میں بھی ان میں شامل ہوں، وجوہات کی بنا پر بنچ میں مزید نہیں بیٹھ سکتا، میں اپنا مختصر فیصلہ پڑھنا چاہتا ہوں۔

جسٹس صلاح الدین نے وکیل حامد خان سے کہا آپ کا اعتراض ہمارے اس بنچ میں بیٹھنے سے تھا، ذاتی طور پر تو آپ کا میرا ساتھ 2010 سے رہا ہے، آپ کے دلائل سے میں ذاتی طور پر رنجیدہ ہوا مگریہاں میری ذات کا معاملہ نہیں ،ججز پر جانبداری کا الزام لگا جس سے تکلیف ہوئی، عوام میں تاثر جانا ہے جج جانبدار ہے درست نہیں۔

وکیل حامد خان نے کہا آپ کے اقدام کا خیر مقدم کرتا ہوں، جسٹس امین الدین نے کہا خیرمقدم کرنے کا معاملہ نہیں ،کیس میں سنی اتحاد کونسل کے دوسرے وکیل کو سن رہے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل حامد خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا سب آپ کے کنڈکٹ کی وجہ سے ہوا ، آپ کا لحاظ کرتے ہوئے موقع دیا، آپ کیس میں دلائل دینے کے حقدار نہیں تھے۔