بحریہ ہر خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے: ایڈمرل نوید اشرف

لاہور (سٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے گزشتہ روز پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ نے اس موقع پر 54 ویں سٹاف کورس کے شرکاءسے خطاب کیا۔نیول چیف نے خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں درپیش میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز پر اظہار خیال کیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ بحر ہند کے خطے میں طاقت کی عالمی کشمکش کے سبب مسلسل تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ روایتی جنگی حکمت عملی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ نیول چیف نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں جیتنے کیلئے ذہین اور ٹیکنالوجی سے لیس افرادی قوت کی تیاری نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، نیول چیف نے کورس کے شرکاءکی پیشہ وارانہ محنت اور لگن کو سراہا۔