لاہور (اپنے رپورٹر سے) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کی ہدایت پر لائن سٹاف کو شدید حبس سے بچانے کیلئے نیا یونیفارم متعارف کروادیا گیا،اس حوالے سے تقریب لیسکو ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی جس میں چیف ایگزیکٹو لیسکو نے تمام سرکلز کے نمائندگان کو نئی یونیفارم اور جوتے تقسیم کیے، تقریب میں ڈائریکٹر ایچ آر ضمیر حسین کلاچی، ڈی جی ایڈمن معصومہ عادل، ڈائریکٹر سیفٹی فواد خالداور پبلک ریلیشن آفیسر رابعہ قادر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو لیسکو کاکہنا تھا کہ موسم گرما کے دوران پرانے یونیفارم پہن کر فیلڈ میں کام کرنا بہت مشکل تھا، جس کی وجہ سے اکثر ملازمین بیمار بھی ہوجاتے تھے، اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے نیا یونیفارم متعارف کروایا گیا ہے جو کہ ہلکے پھلکے میٹریل سے بنا ہے، فیلڈ سٹاف لیسکو کا ہراول دستہ ہے، ان کی تمام مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ لائن سٹاف کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، لیسکو کیلئے صارفین کے ساتھ ساتھ اپنے لائن سٹاف کی حفاظت بھی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ لیسکو ہماری ماں ہے اور ہم اس کی خدمت کیلئے ایک ٹیم بن گئے ہیں جس میں سب کے کردار مختلف ہیں، اس حوالے سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کا بھی مثبت کردار ہے جو لیسکو کو کامیاب بنانے کیلئے پوری محنت سے کام کر رہے ہیں۔ دریں اثناءچیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کی زیر قیادت لیسکو ہیڈ کوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، ای کچہری میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سنی گئیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو کے علاوہ ڈائریکٹر آپریشنز اعجاز بھٹی، ایچ آر ڈائریکٹر ضمیر حسین کلاچی، ڈی جی ایمپلی منٹیشن رائے اصغر، ڈی جی ایڈمن معصومہ عادل،چیف انجینئر پی اینڈ ڈی فیصل زکریا،منیجر کمپلینٹ سیل رانا رضوان صبغت اللہ موجود تھے جبکہ تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی فیس بک لنک کے ذریعے ای کچہری میں شرکت کی۔ ای کچہری میں تمام سرکلز کے صارفین نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل بیان کیے، جس پرچیف ایگزیکٹو انجینئر محمد رمضان بٹ نے متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کئیں اور حکم دیا کہ تمام شکایات 24 گھنٹے کے اندر اندر حل کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنا یا جائے کہ صارفین کو ان کی ریڈنگ کے مطابق بل جاری ہوں اور صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔
لیسکو ملازمین کی تمام مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا: چیف ایگزیکٹو
















