اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف ،ایران کے صدر مسعود پزشکیان میں ٹیلیفونک رابطہ ،مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال،مشکل وقت میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔
شہبازشریف نے کہاپاکستان مشرق وسطیٰ میں تیزی سے ابھرتی صورتحال پر مستقل طور پر نظر رکھے ہوئے ہے،مذاکرات ،سفارتکاری کے ذریعے امن بحالی کو اہمیت دینا ہوگی،وزیراعظم نے سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت تمام سفارتی فورمز پر ایران کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں کی پاسداری پر زور دیا۔
ایرانی صدر پزشکیان نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی مستقل و اصولی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تنازع کے پرامن حل کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا،دونوں رہنماوں نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران مشکل ترین وقت میں امت کے درمیان اتحاد کی اہمیت ، آپس میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثناسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفونک رابطے میں ایران پر اسرائیل کے حملے ، امریکی اڈوں پر جوابی حملوں سے پیدا ہونے تنازع کے پرامن حل کےلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی ۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان گفتگو نہایت خوشگوار ،دوستانہ ماحول میں ہوئی،شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کےلئے دلی نیک تمناوں کا اظہار کیا اور حج 2025 کی کامیاب تکمیل پر ولی عہد کو مبارک باد دی ،پاکستانی حجاج کرام کی بہترین مہمان نوازی پر سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے بھارت کےساتھ حالیہ تنازع کے دوران سعودی عرب کی پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاپاکستان جموں و کشمیر، پانی، تجارت و دہشتگردی سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت کےساتھ بامعنی بات چیت کےلئے تیار ہے،اسرائیل،ایران بحران کے تناظر میں علاقائی کشیدگی میں فوری کمی کی مکمل حمایت کرتے اورمعاملا ت کے پرامن حل کےلئے مذاکرات و سفارت کاری کے حامی ہےں۔
شہبازشریف نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قوانین ،اقوام متحدہ چارٹر کی پاسداری کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کر تے ہوئے ولی عہد کو دانش مندانہ قیادت ، خطے میں امن کی بحالی کےلئے کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا،شہبازشریف نے کہاکوششیں سعودی عرب کے بین الاقوامی سطح پر امن کے ضامن اور امت مسلمہ کے رہنما کے طور پر نمایاں حیثیت کی عکاس ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹیلیفون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب کےساتھ پاکستان کی یکجہتی و حمایت کو سراہا اور حالیہ تنازع کے پرامن حل کےلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی،محمد بن سلمان نے کہا سعودی عرب مشرق وسطیٰ کے خطے میں دیرپا امن و خوشحالی کے فروغ کےلئے پوری طرح پرعزم ہے۔
مزید برآں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر اعظم لی کیانگ کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کےلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا،شہباز شریف نے سربراہی اجلاس میں شرکت کےلئے دورہ چین کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت کا ذکر کیا، اہم منصوبوں بشمول ML-I، KKH گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنے کےساتھ ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون پر روشنی ڈالی۔
پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی، گہری اور آہنی ”آل ویدر سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا پاکستان سی پیک کے جاری منصوبوں کے کامیاب نفاذ کےلئے چین کےساتھ مل کر کام جاری رکھنے کےلئے پوری طرح پرعزم ہے، ملک کے میکرو اکنامک آوٹ لک میں بہتری آگئی۔
چینی سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کےلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی،جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلووں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا اگست 2025 کے آخر میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کی کامیابی کو یقینی بنانے کےلئے تیاریاں شروع کر دی یں۔
علاوہ ازیں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ادارے کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ برائے سال 2023-2024 پیش کردی،رپورٹ میں قومی احتساب بیورو کے ہیڈ کوارٹرز اور علاقائی دفاتر کی ریکوریز اور کارکردگی تفصیلات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، کرپشن سے پاک پاکستان کے ویژن کی تکمیل کےلئے نیب کو تمام ضروری سہولیات دی جائیں گی، نیب مالیاتی فراڈ کے متاثرین کی مدد کرنے ، رقوم کی جلد واپسی یقینی بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے،وزیراعظم نے نیب کے زیر التوا مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کردی۔
چیئرمین نیب نے کہا نیب نے 2سالوں میں اربوں روپے کی خرد برد کی گئی رقوم کی ریکوری کی،نیب نے سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی غیر قانونی قبضے سے بازیاب کرائی جس کی مالیت اربوں روپے ہے، نیب نے 700 انکوائریاں ، 218 تحقیقات مکمل کیں جبکہ 21 نئے ریفرنس دائر کیے۔
ساتھ کھڑے ہونے پرشکریہ ،ایران، حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعظم
















