بانی نے حکم دیا تو ایک منٹ میں اسمبلی ختم کردوں گا: گنڈا پور

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے جس دن بانی نے حکم دیا تو ایک منت میں اسمبلی ختم کردوں گا،خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا9 مئی کے بعد پی ٹی آئی پر دھاوا بولا گیا، تمام قوتیں پارٹی اور بانی کو ختم کرنے پر لگ گئیں، معاشی ایمرجنسی لگا کر صوبائی حکومت ختم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، صوبے کے بجٹ کو بانی کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کرائی جا رہی،تمام سازشی عناصر کو کہتا ہوں بانی کا اختیار کسی اور کے ہاتھ میں نہیں دونگا، صوبے کی آمدن 60 ارب سے بڑھ کر 93 ارب ہوچکی ،ملک لوٹنے والوں کی نظریں اب خیبرپختونخوا کے بھرے خزانے پر ہیں،مجھے 9 مئی سے پہلے گرفتار کیا گیا اور بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کے خلاف بیان دینے کا کہا گیا تھا، 9 مئی تو صرف ایک بہانہ تھا،اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے جواب میں علی امین گنڈا پورنے کہا ہمارے کارکن گولیاں کھا کر بھی بانی کےساتھ کھڑے ہیں، میرے ہر فیصلہ کا اختیار بانی کے پاس ہے اور یہ وزرات اعلیٰ بھی امانت ہے اگر عمرا ن خان نے اسمبلی توڑنے کا کہا تو ایک منٹ بھی نہیں لگے گا اور ہم گھر چلے جائیں گے،دوران اجلاس خیبرپختونخوا اسمبلی کے ممبران نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پر اعتماد کا اظہار کر دیا ،اراکین نے نشستوں سے کھڑے ہوکر عمران خان کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی،دریں اثناپی ٹی آئی پولیٹیکل کمیٹی نے کے پی حکومت کے بجٹ کی مشروط منظوری کے فیصلے کی توثیق کر دی، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کہا گیا خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے ویژن پر مکمل عملدرآمد کرے گی، خیبرپختونخوا پارلیمانی پارٹی نے بجٹ کو عمران خان کے ویژن کے عین مطابق مشروط طور پر منظور کیا، بانی پی ٹی آئی سے بجٹ مشاورت کی اجازت نہ دینا بدنیتی پر مبنی عمل ہے،اعلامیے میں مزید کہا گیا حکومت کی جانب سے کے پی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش جاری ہے، خیبرپختونخوا میں مالی ایمرجنسی نافذ کر کے اسمبلی توڑنے کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا، بجٹ نہ منظور ہوا تو ہسپتالوں، سکولوں سمیت تمام اداروں کو فنڈز کی قلت ہو جائے گی،خیبرپختونخوا اسمبلی کا مستقبل بھی عمران خان کی ہدایات سے مشروط ہے،پی ٹی آئی سازشوں کا شکار نہیں بنے گی، ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھایا جائے گا۔