مون سون میں ہنگامی صورتحال کی تیاری، واسا نے حکومت سے اضافی فنڈز طلب کرلئے

لاہور (قمر عباس) واسا لاہور انتظامیہ نے مون سون میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خاطر اضافی مسائل کے حل کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے 9 سال قبل منجمدکئے گئے سالانہ .701 425 ملین گرانٹ میں اضافے کے سلسلے میں سمری ارسال کرکے 1215.454 ملین فنڈز مانگ لئے۔ تفصیلات کے مطابق واسا لاہور انتظامیہ کی جانب سے رواں سال مون سون میں اضافی بارشوں کے باعث مسائل کے حل کی خاطرمختلف اخراجات کیلئے 2016 سے تاحال سالانہ منجمد 425.701 ملین گرانٹ کی بجائے 1215.454 ملین فنڈز کی ڈیمانڈ کر رکھی ہے۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب کو ایم ڈی واسا لاہور کی جانب سے فنڈز میں اضافہ کیلئے نظر ثانی پر سمری ارسال کی گئی تھی جس کو تاحال منظوری نہیں مل سکی۔ سمری میں لکھا گیا ہے کہ مون سون میں محکمہ کو بارشی پانی سے پیدا ہونے والے مسائل اضافہ ہونے کی وجہ سے اضافی انتظامات کرنے کی وجہ سے اخراجات میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس حوالے سے رواں سال مون سون کی خاطر حکومت پنجاب سے اپیل کی گئی ہے اس میں 42سب ڈویژنز میں عارضی سٹاف رکھنے کی خاطر جو کہ تین ماہ کیلئے ہو گا۔ ان کی تنخواہ کیلئے 93.24 ملین انڈر پاسز ڈسپوزل سٹیشن پر سٹاف کیلئے 11.267ملین جو کہ 104.51ملین ہو گا۔ بارشوں کے دوران ڈسپوزل سٹیشن پر بجلی کے اضافی استعمال پر 337.39ملین ،دوران لوڈ شیڈنگ فیول کے استعمال پر 115.66 ملین ہوگا۔ 10 انڈر پاسز کے ڈسپوزل سٹیشن پر فیول کے استعمال پر 10.77ملین ہو گا ،ڈیواٹرنگ سیٹس کی دیکھ بھال و مرمت پر 130.29ملین جبکہ سیوریج ڈرین کی صفائی و بحالی پر 245.29ملین خرچ ہوں گے۔ عوامی آ گاہی مہم پر 40.105ملین ،ڈسپوزل سٹیشن کی مشینری کی مرمت پر 130.23ملین ،مون سون کیمپس اور ملازمین کی وردی پر 40.105ملین اخراجات آئیں گے۔ سیور صفائی کی مشینری پر 30.552ملین ،واسا کی حدود سے باہر سروسز فراہمی پر 30.552ملین خرچ ہوں گے۔ اس سال واسا کی جانب سے آمدہ مون سون کے دوران بارشی پانی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے 1215.454 ملین اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔