اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں،اسحاق ڈار

استنبول (مشرق نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے استنبول میں شاندار مہمان نوازی پر ترک صدر رجب طیب اردوان و دیگر قیادت کے مشکو رہیں،امت مسلمہ کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ملکر کام کرنا وقت کی ضرورت ہے، امید ہے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے او آئی سی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، لاکھوں افراد کو مقبوضہ فلسطین میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اسلاموفوبیا کی روک تھام کےلئے ملکر اقدامات کرنا ہوں گے،مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے،اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین ،بچے شہید ہو چکے ، غزہ میں فوری و غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہااسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، پاکستان علاقائی امن و استحکام کےلئے تمام اقدامات کر رہا ہے،بھارت کی جانب سے پاکستان کے حصے کا پانی روکنا کسی صورت قابل قبول نہیں، خطے میں پائیدار امن کےلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔