اسلام آباد:(بیورورپورٹ) مجرم بے رحم قاتل ،ہمدردی کے قابل نہیں، سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار رکھنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
13 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں عدالت نے قرار دیا ملزم نور مقدم کا بے رحم قاتل ہے اور کسی ہمدردی کا مستحق نہیں، عدالت نے دونوں ماتحت عدالتوں کے فیصلے کو متفقہ طور پر درست قرار دیتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھی ۔
فیصلے میں”سائلنٹ وٹنس تھیوری“کے اصول کو تسلیم کرتے ہوئے کہا گیا بغیر گواہ کے ویڈیو فوٹیج بھی بطور قابل قبول شہادت پیش کی جا سکتی ہے بشرطیکہ وہ قابل اعتماد نظام سے حاصل کی گئی ہو، عدالت نے امریکی عدالتوں کی مثال دیتے ہوئے کہا وہاں سائلنٹ وٹنس اصول کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا گیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کیس میں پیش کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج، ڈی وی آر اور ہارڈ ڈسک مستند شہادتیں ہیں جن میں کسی قسم کی ترمیم یا جعلسازی ثابت نہیں ہوئی، ملزم کی شناخت درست نکلی جبکہ ویڈیو شواہد میں نور مقدم پر جسمانی تشدد کے مناظر بھی شامل تھے، ڈی این اے رپورٹ سے زیادتی کی تصدیق ہوئی اور آلہ قتل پر مقتولہ کا خون موجود پایا گیا
فیصلے میں کہا گیاڈیجیٹل شواہد اب بنیادی شہادت تصور کیے جاتے ہیں،سپریم کورٹ نے ظاہر جعفر کی قتل میں سزائے موت کو برقرار رکھا ہے جبکہ زیادتی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا اور نور مقدم کو اغوا کرنے کے الزام کی سزا ختم کر دی،فیصلے میں شریک ملزموں افتخار اور ایم جان کی سزائیں بھی برقرار رکھی گئی ہیں،فیصلے میں جسٹس علی باقر نجفی کی جانب سے اضافی نوٹ بھی شامل کیا جائےگا۔
مجرم ظاہر جعفر بے رحم قاتل ،ہمدردی کے قابل نہیں:سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ

















