اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات مسترد کرتے ہوئے واضح کردیاکسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے کہابھارت دوسروں پر الزامات عائد کرنے کی بجائے اپنی دہشتگردی، تخریب کاری اور ہدف وار قتل و غارت گری میں ملوث ہونے پر غورکرے،بھارتی وزیر خارجہ کے برسلز میں مختلف میڈیا انٹرویوز میں غیر ذمہ دارانہ بیانات کو سختی سے مسترد کر تے ہیں ، اعلیٰ سفارت کاروں کی گفتگو کا مقصد اشتعال انگیز جملے بازی کی بجائے امن و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔
شفقت علی خان نے کہابھارت کئی برسوں سے من گھڑت بیانیے کے ذریعے خود کو مظلوم ظاہر کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم مہم میں مصروف ہے،بھارت کی مسلسل پاکستان مخالف ہرزہ سرائی سرحد پار دہشتگردی کی پشت پناہی اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم و جبر پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا پاکستان پرامن بقائے باہمی، مکالمے ،سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے تاہم کسی بھی جارحیت کےخلاف اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، بھارتی بیانیہ ناکام فوجی مہم کے بعد کی مایوسی کا عکاس ہے،بھارتی قیادت پاکستان سے متعلق جنون ترک کرے، تاریخ بلند آواز والوں نہیں دانائی سے کام لینے والوں کو یاد رکھتی ہے۔
بھارتی بیانات مسترد ،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے،پاکستان

















