آبی معاملے پر بھی بھارتی گھمنڈ خاک میں ملائیں گے:وزیراعظم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے روایتی جنگ کی طرح آبی معاملے پر بھی بھارتی گھمنڈ خاک میں ملائیں گے،آئندہ نسلوں کیلئے پانی کی ضرورت کو محفوظ بنانا فر ض ہے، وفاقی حکومت ،صوبوں سمیت تمام اکائیوں کو نئے آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، غیر متنازع ذخائر کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائےگا، نئے ڈیمز کی تعمیر تمام صوبوں کے اتفاق سے ہو گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبی وسائل کے امور پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، چیف آف دی آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا،وزرائے اعلیٰ،وزیراعظم آزاد کشمیر ودیگر نے شرکت کی۔

شہبازشریف نے کہابھارت کی طرف سے یکطرفہ معطلی کااقدام سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور آبی جارحیت ہے، معرکہ حق کی طرح بھارت کوآبی جارحیت کا نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کے تحت جواب دیا جائے گا ،پاکستان پھر کامیاب ہو گا،تاریخی فتح پر جتنا شکر ادا کریں کم ہے،جنگ میں شکست کے بعد بھارت پاکستان کاپانی بندکرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، پوری دنیا نے بھارتی دھمکیوں کومسترد کردیا، اقوام عالم میں کسی نے بھارتی بیانیہ تسلیم نہیں کیا،بھارتی آبی جارحیت کےخلاف اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، چیلنجز کیخلاف ملکر فیصلے کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا 1960 کے معاہدے میں پاکستان کے پاس3مغربی دریا ہیں، 24 کروڑ عوام کیلئے پانی کی ضروریات کو یقینی بنانا ہے، بھارت کے غرور اور گھمنڈ کو سب مل کر خاک میں ملائیں گے،پانی کا اپناحق محفوظ بنانا سب کیلئے اجتماعی چیلنج ہے، بھارتی دھمکیوںکاپوری قوت سے جواب دیں گے،دشمن کامقابلہ کرنے کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا،بھارت نے لابنگ کرکے اے ڈی بی کا ایجنڈا 3 دن مو¿خر کرایا، بھارت کی تمام سفارتی کوششیں بری طرح ناکام ہوگئیں، عوام افواج پاکستان کی پشت پر سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑے ہیں،پیٹ کاٹ کر پانی کے ذخائر نہ بنائے تو آنےوالی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

اجلاس میںچاروں صوبوں ، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے یک زبان ہو کر بھارتی آبی جارحیت کی مذمت کی اور وفاقی حکومت کےساتھ کھڑا ہونے ،بنیان مرصوص بن کرآبی سکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ملک میں نئے آبی ذخائر کی تعمیر ،فنڈنگ کے معاملے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی،کمیٹی مختلف حکمت عملیوں کا جائزہ لےکرسفارشات پیش کرے گی،چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم ، متعلقہ وفاقی وزرا شامل ہوں گے،کمیٹی کو 72 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

دریں اثنا ماحولیات کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پلاسٹک آلودگی ماحولیاتی نظام، معیشت اور آنے والی نسلوں کےلئے خطرہ ہے، پاکستان کرہ ارض کے تحفظ ، پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کےلئے بین الاقوامی برادری کےساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے،رواںسال ماحولیات کے عالمی دن کا تھیم”پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ“ ہے ، پلاسٹک سے پیدا ہونےوالی آلودگی کےخلاف پوری دنیا کو جرات مندانہ مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،آئیے عزم کریں آنےوالی نسلوں کے تحفظ کےلئے ماحول کو بہتر اور صاف بنانے کےلئے اپنا اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مزید برآں اپنی پوسٹ میں شہباز شریف نے کہا پاکستان کا سلامتی کونسل قرارداد 1988 (2011) کے تحت قائم پابندیوں کی کمیٹی کا چیئرمین ، قرارداد 1373 (2001) کے تحت قائم انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب چیئرمین و دستاویزات و پابندیوں کے غیر رسمی ورکنگ گروپ کا شریک چیئرمین مقرر ہونا انتہائی قابل فخر ہے، پاکستان عالمی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کےلئے پرعزم ہے۔

ادھر وزیر اعظم شہباز شریف ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر 2روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے،پرتپاک استقبا ل کیا گیا،شہباز شریف حالیہ پاک بھارت تنازع کم کرنے میں تعمیری کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے۔