اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ن لیگی رہنما وسینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی نے کہا ہے پی ٹی آئی نے اپنی طاقت گنوا دی ، کوئی تحریک نہیں چلا سکتی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاعمران خان زخمی ٹانگ کے باوجود سید عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تقرری راستہ روکنے کےلئے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچے لیکن عوام نے ساتھ نہیں دیا ،عمران خان جو کچھ اپوزیشن کےساتھ کرتے رہے، موجودہ حکومت نے پی ٹی آئی کےساتھ ہرگز ایسا نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے کہا جب خان حاحب جیل سے باہر تھے مقبولیت بھی عروج پر تھی اور خود احتجاجی جلوسوں کی قیادت کر رہے تھے تب کون سا معرکہ سر کر لیا تھا جو اب وہ جیل کے اندر سے قیادت کر تے ہوئے سر انجام دے لیں گے؟ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے کےلئے سیاسی جدو جہد کی نہ ماریں کھائیں، عسکری گھوڑوں پر بیٹھ کر آئے اور اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہو گئے، پرورش ”لاڈ پیار“ میں ہوئی جس کی وجہ سے خان کو ”لاڈلا“ بھی کہا جاتا تھا، پہلے فوج کے اعلیٰ عہدیداروں کو میر جعفر اور میر صادق کہتے تھے اب فرعون اور یزید کہہ رہے ہیں، ”جنگل کا بادشاہ“ کا طعنہ دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی نے اپنی طاقت گنوا دی ، کوئی تحریک نہیں چلا سکتی:عرفان صدیقی
















