معرکہ حق کی تاریخی فتح کے بعد اب پاکستان کو مستحکم عالمی معیشت بنائیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح کے بعد اب پاکستان کو مستحکم عالمی معیشت بنانے کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل مزید تیز کرنا ہوگا، تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں، ملکی اداروں سے کرپشن کے انسداد اور شفافیت کی عدم موجودگی جیسی دیگر خامیوں کو دور کرنے کےلئے تمام ادارے انتھک محنت کررہے ہیں،وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر کے متعلق اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں ادارے میں جاری اصلاحات، شفافیت اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا،وزیراعظم نے ایف بی آر میں ہونےوالی اصلاحات اور اقدامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کےلئے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے کہا تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں اور کرپشن کے انسداد و شفافیت کے قیام کےلئے تمام ریاستی ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں، شہباز شریف نے حالیہ معاشی اشاریوں کو حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت قرار دیا،وزیر اعظم نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا سسٹم نے شفافیت کے فروغ اور محصولات میں اضافے کےساتھ ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں بھی نمایاں کمی کی ہے، شفافیت کو برقرار رکھنے کےلئے لائی گئی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں،ہم پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے میں کامیاب ہوں گے،اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) میں جاری اصلاحات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے محصولات میں اضافہ ہوا ،پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں اصلاحات تیزی سے جاری ہیں،عام صارفین کےلئے آسان ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن کا نظام جلد نافذ العمل کیا جائے گا، نظام کو اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں پیش کرنے پر بھی کام جاری ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے،اجلاس میں وفاقی وزراءاعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔