بھارتی پراکسی جنگ ڈھکی چھپی نہیں، اندرونی و بیرونی ہر دشمن کو کچل دینگے،فیلڈ مارشل

کوئٹہ: (بیورو رپورٹ) فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی،کھلی جارحیت میں تبدیل ہوچکی، بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، دشمن کے عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے،خودمختاری چیلنج کرنےوالے دشمن کومنہ توڑ جواب دینگے۔

کوئٹہ میں جرگے سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی پراکسی جنگ قوم، ترقی اور امن کےخلاف کھلی دہشت گردی ہے۔ پاک فوج قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے اندرونی یا بیرونی ہر دشمن کو کچل دے گی،بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، دشمن کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل صوبے کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے۔

سید عاصم منیر نے بلوچستان میں کام کرنےوالی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون و حمایت کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا بھارت بلوچستان میں تخریب کاری کے ذریعے امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے، فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دہشت گردوں کو معاشرتی جگہ نہیں ملنے دینی چاہیے،ریاستی ادارے دہشت گردی کےخلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان کی ترقی کےلئے پیکیجزمتعارف کرائے، اثرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، بلوچ عوام نے قومی وحدت کےلئے تاریخی کردار ادا کیا ۔

شہبازشریف نے کہا دیرپاامن کےلئے دہشت گردی کےخلاف کوششوں کی کامیابی ناگزیر ہے، حکومت، افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے ، عوام دہشت گردی کےخلاف متحد ہیں،امن دشمن عناصر کو کوئی جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں، سہولت کاروں اور مددگاروں کےخلاف فیصلہ کن کارروائی ہوگی، بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کےخلاف پیشہ وارانہ مہارت ناگزیر ہے۔ بلوچستان کے عوام بھارتی حمایت یافتہ تخریب کاروں کےخلاف ہوشیار رہیں۔

جرگے میں قبائلی عمائدین نے حکومت ،افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔