دہشتگرد اغیار کے ایجنٹ،بھارت کوشکست دےکر بازی ہی پلٹ دی،وزیراعظم شہبازشریف

کوئٹہ :(بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچ عمائدین کو خرابیوں کی نشاندہی کرنے اور حکومت سے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا دہشت گرد اغیار کے ایجنٹ ہیں، عزائم کو ملکر ناکام بنانا ہے۔ بھارت کی مسلط کردہ جنگ پر منہ توڑ جواب دیا گیا،1971 کا بدلہ لے لیا۔ بلوچستان کے لوگوں کے گلے شکوے مل بیٹھ کر دور کئے جاسکتے ہیں، دہشت گردوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، ترقی وخوشحالی، بدامنی اکٹھے نہیں چل سکتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، قائم مقام گورنر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا تارڑ، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر، کور کمانڈر 12 کور بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان و دیگراعلیٰ سول وعسکری قیادت بھی موجود تھی۔

شہبازشریف نے کہا مختصر ترین مگر خطرناک جنگ تھی، معرکہ حق میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، دشمن کو ایسا جواب ملا بھول نہیں سکے گا، کشیدہ صورتحال کے دوران قوم نے زبردست اتحاد، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مثالی قیادت کا مظاہرہ کیا، عسکری قیادت نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا،مخالف پاکستان کی عظیم کامیابی سے سہم گئے، دوستوں کا حوصلہ آسمانوں سے باتیں کررہاہے، 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں کی طرح پاکستان ایک بار پھر سرخرو ہوا۔

وزیراعظم نے کہا بلوچستان کے عمائدین بتائیں کون سی خرابیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، بھٹک کر پٹڑی سے اترنے والے لوگوں کوواپس لانے کی کوشش کرنی چاہئے، دہشت گرد خون کے پیاسے ہیں، پاکستان کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے، دہشت گرد دشمنوں کے ایجنٹ ہیں، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، باہمی معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے ہیں، دہشت گرد عناصر کے عزائم کو مل کر ناکام بنانا ہے، 2010 میں متفقہ این ایف سی ایوارڈ منظور ہوا، این ایف سی ایوارڈ میں اس وقت کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے بلوچستان کےلئے 250 ارب کا ترقیاتی فنڈ مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا رقم ملک کے مجموعی ایک ہزار ارب کے ترقیاتی فنڈ کا ایک چوتھائی ہوگی، قومی یکجہتی، اتحاد واتفاق کیلئے 1600ارب بھی نچھاور کرنا پڑے تو کم ہیں،کوشش ہونی چاہئے ترقیاتی پروگرام کے فنڈز شفافیت کے ساتھ خرچ ہوں، وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے، ٹیوب ویلزکی شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے وفاق 70 ارب فراہم کر رہا ہے، خونی شاہراہ کے نام سے مشہور این 25 کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے فنڈز این 25 کیلئے مختص کئے، بلوچستان کا وسیع علاقہ سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کا متقاضی ہے، آئندہ ترقیاتی پروگرام میں بلوچستان کو 25 فیصد فنڈز دیں گے۔

وزیراعظم نے کہاپنجاب نے اپنے حصے سے بلوچستان کیلئے فنڈز فراہم کئے، صوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کوئی احسان نہیں، وفاقی اکائیاں بھائیوں کی طرح ہیں، ملکر آگے بڑھنا ہے، قومی یکجہتی کیلئے فنڈز کی کمی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، بلوچستان کے لوگوں کے گلے شکوے سر آنکھوں پر لیکن دہشتگرد درندوں کوکوئی بھی برداشت نہیں کرسکتا، بھٹکے لوگوں کو واپس لانے کیلئے سب کو ملکر بہترین کاوشیں کرنا ہوں گی، میری حکومت میں بلوچستان کے ساتھ معاشی ،سماجی ناانصافی کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا،پشاور سے لیکر کوئٹہ اور کوئٹہ سے کراچی تک اور کراچی سے لیکر لاہور تک پوری قوم یکجا ہے۔ آپس میں اتحاد واتفاق کو پیدا کرناہوگا ،مل بیٹھنے سے کنبہ خوشحال اور توانا ہو تا ہے، نظربد نہیں لگ سکتی۔

قبل ازیں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میںفیکلٹی و گریجویٹ ہونےوالے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور پراکسی فتنہ الہندستان کی سازشوں ، ناپاک عزائم کو پاکستانی قوم شکست دیگی، بھارت معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کھانے کے بعدپراکیسز کے ذریعے دہشت گردی میں شدت لے آیا، مسلح افواج خودمختاری و سالمیت کی محافظ ہیں، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا بازی بھی پلٹ دی، آرمی چیف نے ثابت کیا وہ فیلڈ مارشل رینک کے حقدار ہیں، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر نے بھارتی طیارے گرا کر اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو ثابت کیا۔

شہبازشریف نے کہا بھارت کو میدان جنگ، سفارتی محاذوں پربھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے نہیں دیں گے، آئندہ بھی کوئی مہم جوئی ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے،عام محاذ کی بجائے مختلف جہتوں میں صلاحیتوں کا امتحان ہے، مسلح افواج نے تمام امتحانوں کےلئے بہترین خدمات انجام دیں، ائیرفورس نے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا۔ 7 ہائی ویلیو اہداف کو نشانہ بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث تاریخی کامیابی ملی۔ حکومت، عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں، پاکستان کو درپیش خطرات صرف روایتی جنگ تک محدود نہیں، آئی ایم ایف کےساتھ کامیاب معاہدے سے معیشت کو استحکام ملا، معاشی استحکام کےلئے بنیادی سطح پر اصلاحات کی ضرورت ہے، معاشی بہتری سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ تک آگئی۔

شہبازشریف نے کہا کرپشن پر کوئی رعایت نہیں ہوگی، گزشتہ سال کے مقابلے میں محصولات 28 فیصد زیارہ رہیں، معیشت ترقی کر رہی، عزم بلند ہے، خطہ ارض کو دنیا کیلئے مثال بنائیں گے،حکومت نے بجلی چوری کا خاتمہ کیا، جدت کو اپناتے ہوئے کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کا اجرا کر رہے ہیں، چیلنجز کا آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا، کراچی بندرگاہ پر فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم رائج کردیا، معیشت، اصلاحات، انسداد دہشت گردی پر توجہ مرکوز ہے، حکومت نے سمگلنگ پر قابو پاکر معیشت کو استحکام دیا، سعودی عرب پاکستان کا بہترین دوست ہے، خلیجی ممالک کےساتھ بہترین تعلقات ہیں۔