فوج کا کام ملک کا دفاع ،عدلیہ کے فرائض سرانجام دینا نہیں،اختلافی نوٹ

اسلام آ باد:(بیورورپورٹ) فوج کا کام ملک کا دفاع ہے ،عدلیہ کے فرائض سر انجام دینا نہیں،فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیس فیصلے میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان کا اختلافی نوٹ جاری کردیا گیا۔

36 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ جسٹس جمال مندوخیل نے تحریر کیا ،ججز نے کہا کہنا دنیا میں دہشتگردی مقدمات کا سامنا کرنے کےلئے فوجی عدالتیں قائم کی جاتی ہیں درست نہیں، درست ہے عام فوجداری عدالتوں میں سزا کی شرح کم ہے، مطلب یہ نہیں عدالتوں میں انصاف فراہم کرنے کی صلاحیت یا خواہش موجود نہیں ،سپریم کورٹ مستقل طور پر نچلی عدالتوں کے فیصلوں کا عدالتی جائزہ لے رہی ہے، عدالتی مشاہدے میں آیازیادہ تر بریت کے فیصلے بے بنیاد سیاسی مقدمات میں آتے ہیں ایسے فیصلے غیر پیشہ وارانہ تفتیش ، کمزور پراسیکیوشن کا نتیجہ ہوتے ہیں۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیاانٹرا کورٹ اپیلیں وفاق، پنجاب ،بلوچستان حکومت کی طرف سے دائر کی گئیں ایسا معلوم ہوتا ہے بدقسمتی سے حکومتوں کو فوجداری عدالتوں پر اعتماد نہیں رہا، افسوس سے کہنا پڑتا ہے منتخب حکومتوں نے فوجداری عدالتوں پر اعتماد ختم کردیا ،غیر سنجیدہ، سیاسی نوعیت کے مقدمات کے حل کا بوجھ فوجی عدالتوں پر ڈالنا ناقابل فہم ہے۔

ججز نے کہافوجی افسر جو فوجی عدالتوں کی صدارت کرتے ہیں فوجی معاملات میں مہارت رکھتے ہیں، افسروں کے پاس عدالتی تجربہ ہوتا نہ ہی دیوانی مقدمات سے نمٹنے کےلئے تربیت یافتہ ہوتے ہیں، فوجی عدالتوں کو عام عدالتی نظام کے برابر نہیں سمجھا جا سکتا، عام عدالتوں کے افسر عدالتی تجربے کےساتھ ساتھ آزادی کے حامل ہوتے ہیں۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیاوفاقی ،صوبائی حکومتیں دہشتگردی مقدمات کو سمجھنے کی بجائے اپنے مقصد کیلئے فوجی عدالتوں پر انحصار کررہی ہیں، عام فوجداری عدالتوں سے توقع رکھنا بغیر ثبوت افراد کو مجرم ٹھہرائیں تو منصفانہ ٹرائل کی خلاف ورزی ہوگی، جب استغاثہ کے پاس کوئی ثبوت یا مواد نہ ہو تو فوجی عدالت سزا کیسے دے سکتی ہے؟۔

ججز نے لکھا 9 مئی مقدمات میں کورٹ مارشل ہونے والے کچھ افراد نے بھی عدالت سے رجوع کیا، سپریم کورٹ کے 25 مارچ 2024 کے حکم نامے کے بعد سویلینز کے ٹرائل آگے بڑھے ، سزائیں سنائی گئیں، فوجی عدالتوں میں سزاوں سے بہت سارے سویلینز سزا یافتہ ہیں، فوجی عدالتوں کے پاس سویلین کے ٹرائل کا دائرہ اختیار نہیں، 9 مئی مقدمات میں سویلینز کو سنائی جانے والی سزائیں ،ٹرائل کالعدم قرار دئیے جاتے ہیں۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا غلط تاثر قائم ہو چکا اگر فوجداری عدالتیں دہشت گردی ختم نہیں کرسکتیں تو فوجی عدالتیں حل ہیں، کیا 21 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے خطرناک دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنانے سے دہشت گردی ختم ہوئی؟ فوجی افسر کا کام نہیں مجرموں کو سزائیں دے، فوج کا کام ملک کا دفاع ہے ،عدلیہ کے فرائض سر انجام دینا نہیں اگر فوج عدلیہ کے فرائض سر انجام دینے لگی تو لوگوں کا اعتماد نہیں رہے گا،فوجی عدالتوں میں بنیادی حقوق میسر نہیں ہوتے۔