اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے ججز ٹرانسفر و سنیارٹی کیس فیصلے کی ممکنہ تاریخ دےدی۔
جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی، وکیل صلاح الدین نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کسی جج کے تبادلے کیلئے آئینی نکات واضح ہیں اور مستقل ٹرانسفر کی صورت میں آرٹیکل 175 اے غیر موثر ہو جائے گا، ماضی میں کسی جج کا ایک ہائیکورٹ سے دوسری میں مستقل تبادلہ کی کوئی مثال موجود نہیں اور آرٹیکل 200 کے تحت صرف عبوری ٹرانسفر کی اجازت دی گئی۔
صلاح الدین نے کہا مستقل تقرری کا اختیار صرف جوڈیشل کمیشن کے پاس، آرٹیکل 175 اے کے تحت نئی تقرری ہی ممکن ہے جبکہ تقرری اور تبادلہ دو الگ الگ مفہوم رکھتے ہیں، جج کے تبادلے کےلئے با معنی مشاورت ضروری ہے اور بامعنی مشاورت کے بغیر کیا گیا سارا عمل محض دکھاوا ہے، معاملے میں معلومات کو چھپایا گیا اور غلط بیانی سے کام لیا گیا، اسلام آباد ایکٹ کے سیکشن 3 میں تقرری کی بات کی گئی ہے، ٹرانسفر کا ذکر تک موجود نہیں۔
جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کیس میں عدالت کے سامنے آئینی و قانونی نقطہ کی تشریح کا معاملہ ہے، تبادلے کے معاملے میں3 چیف جسٹسز شامل تھے، ہر چیز ایگزیکٹو کے ہاتھ میں نہیں تھی، تبادلے پر جج سے رضامندی بھی لی جاتی ہے، آرٹیکل 175 اے کے تحت نئی تقرری ہوسکتی ہے،اٹارنی جنرل نے عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جوڈیشل کمیشن کی میٹنگ کے منٹس عدالت کے پاس موجود ہیں، جنہیں دیکھا جا سکتا ہے، صلاح الدین نے جواب دیا ان کے پاس میٹنگ منٹس کا کوئی خزانہ موجود نہیں، جسٹس علی مظہر نے کہا یہ فرسٹ ایمپریشن کا کیس ہے اور مستقبل کےلئے مقدمے کا فیصلہ کرنا ہے۔۔
وکیل صلاح الدین نے کہا پہلے راونڈ میں بھی انہوں نے یہی موقف اختیار کیا تھا جوڈیشل کمیشن نے معاملے پر غور ہی نہیں کیا، جہاں قانون خاموش ہے، وہاں لازمی شقوں کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم کو جو سمری بھیجی گئی اس میں کہا گیا پنجاب میں ایک جج ہو گا،جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے تبادلے کا اختیار تو صدر پاکستان کا ہے، ججز کے ٹرانسفر کا عمل تو وزارت قانون نے شروع کیا، جسٹس علی مظہر نے کہا اگر 16 جون کو کیس کی سماعت مکمل ہو گئی تو مشاورت کے بعد شارٹ آرڈر دےدیا جائے گا،درخواست گزار ججز کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین کے جواب الجواب دلائل مکمل نہ ہوسکے ،عدالت نے سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی۔
ججز ٹرانسفر وسنیارٹی کیس،عدالت نے فیصلے کی ممکنہ تاریخ دےدی

















