اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان بزنس فورم نے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین سے بجٹ میں زرعی شعبہ کو ریلیف دینے کا مطالبہ کر دیا۔بزنس فورم کے وفد کی چیف آرگنائزر احمد جواد کی سربراہی میں وفاقی وزیر سے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی میں تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں سینئر نائب صدر آمنہ اعوان، چیئرمین جنوبی پنجاب طلعت سہیل، چیئرمین پختونخواہ اشفاق پراچہ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ظفر اقبال شریک تھے۔ چیف آرگنائزر چوہدری احمد جواد کا کہنا تھا آج بھی غریب کسان کی قیمت کاشت کم کرنے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے ملکی جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ تب ہی ممکن ہے جب زرعی شعبہ کو حکومتی سپورٹ ملے گی۔ بزنس فورم نے مطالبہ کیا بجٹ میں مقامی کپاس پر جی ایس ٹی کا خاتمہ کیا جائے، اسی طرح کاٹن جینگ شعبہ کو بہتر کرنے کیلئے مشینری درآمد کرنے پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی جائے۔ رانا تنویر حسین آپ خود زرعی شعبہ سے تعلق رکھتے ہیں آپ سے اچھا مقدمہ کون لڑ سکتا ہے، وفاقی حکومت کو قیمت کاشت کم کرنے کیلئے اقدمات کرنے ہوں گے۔ بجٹ میں کھادوں کی قیمت کم کرنے لئیے ٹیکس میں ریلیف دیا جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا وزارت آپ سے متفق ہے،مقامی کپاس پیداوار بشمول روئی، بنولہ پر %18 جی ایس ٹی خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ اسی طرح ٹیکسٹائل سیکٹر کے ذمہ کاٹن سیس کے واجپات کو تیزی سے حل کیا جارہا ہے تاکہ سنٹرل کاٹن کمیٹی کو مالی مسائل درپیش نہ ہوں۔ مقای کپاس کو اٹھانے کیلئے ای ایف ایس کے تحت روئی، دھاگہ اور کپڑے کو دستیاب ٹیکس فری درآمد کو کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سال ہم مقامی سطح پر ایک کروڑ کاٹن بیلز کا ہدف حاصل کر لیں گے، پوری کوشش ہے بجٹ میں کاشتکار کو وفاقی حکومت کی طرف سے ریلیف ملے۔ احمد جواد کا مزید کہنا تھا پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی نئی ریسرچ اور ورائٹی کو ضلعی سطح پر محکمہ زراعت سے منسلک کیا جائے تاکہ کاشتکار نئی ریسرچ اور ورائٹی سے استفادہ کریں اس وقت تک ہمیں نہیں پتہ کہ اسلام آباد کیا نئی ریسرچ ہو رہی ہے۔ وزرات نیشنل فوڈ سکیورٹی اس سلسلے میں صوبوں سے مل کر اقدامات کرے۔ پاکستان بزنس فورم نے کپاس کے درآمدی بیچ کو اجازت دینے کے فیصلے کو خوش آئند کہا اور یہ بھی تجویز دی کہ مقامی بنکوں کو پابند کیا جائے قانون سازی کے ڈریعے تاکہ ایس ایم ای شعبہ کو قرض یقینی مل سکے۔ اس وقت بیشتر بنک چھوٹی صنعتوں کو قرض دیتے ہوئے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ آپ اس معاملے کو وفاقی کابینہ کے سامنے رکھیں۔
رواں سال مقامی سطح پر ایک کروڑ کاٹن بیلز کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا: رانا تنویر


















