مودی کی’ ’انتخابی تھیٹر“ میں نمائشی تقریر نفرت انگیز، عالمی برادری نوٹس لے: دفتر خارجہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے گجرات میں سجائے گئے’ ’انتخابی تھیٹر“ میں کی گئی نمائشی تقریر کو نفرت انگیز، پرتشدد اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے،دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پاکستان نے بھارت کے وزیر اعظم کے حالیہ بیان کا نوٹس لیا ہے، ایٹمی ملک کے وزیراعظم سے ایسے بیان کی توقع نہیں تھی، علاقائی استحکام، امن کے امکانات کو نقصان پہنچ رہا ہے، جوہری اسلحہ رکھنے والی ریاست کے رہنما کی حیثیت سے بھارتی وزیر اعظم سے سنجیدگی کی توقع کی جانی چاہیے،بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں جو رکن ممالک کو تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے اور دوسری ریاستوں کی خودمختاری یا سیاسی آزادی کےخلاف دھمکی یا طاقت کے استعمال سے باز رہنے کا پابند کرتا ہے، بھارتی قیادت ذمہ داری اور بردباری کا مظاہرہ کرے،ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا پاکستانپرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور تعمیری بات چیت کےلئے پرعزم ہے تاہم امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کے عوام اور افواج ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کےلئے مکمل طور پر تیار اور اہل ہیں، کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا بھرپور اور مو¿ثر جواب دیا جائےگا، پاکستان نے ماضی میں بھی اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا،بین الاقوامی برادری بھارت کے جارحانہ رویے اور نفرت انگیز بیانیے کا سنجیدگی سے نوٹس لے، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے تحفظ کےلئے ایسے بیانات اور اقدامات کی حوصلہ شکنی ضروری ہے، جنگ کو ہیرو بنا کر پیش کرنا کسی کے حق میں نہیں، پائیدار امن کا راستہ صرف مکالمے، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری میں ہے،،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو چیلنج کرنا ناقابل قبول ہے، اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں سکول پر حملے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کے جنگی جرائم پر عالمی برادری کو بیدار ہونا ہوگا، اسرائیل کا احتساب یقینی بنایا جائے، پاکستان فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، فلسطینی ریاست کو 1967 کی سرحدوں کے مطابق اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنایا جائے۔