خامنہ ای سے ملاقات،امت رہنمائی کیلئے آپ کی طرف دیکھتی ہے، شہباز

تہران:(مشرق نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے ایران کے سپریم لیڈر سے بھی ملاقات کی ،مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاتارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

شہبازشریف نے سپریم لیڈر کےلئے انتہائی احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ مسلم دنیا کی نمایاں شخصیت ہیں اور امت مسلمہ رہنمائی ،سرپرستی کےلئے آپ کی طرف دیکھتی ہے۔

وزیر اعظم نے سپریم لیڈر کو بھارت کےساتھ حالیہ تنازعات ، بھارت کے تسلط پسندانہ و تنگ نظری کے عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کرنے پر ایرانی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

شہبازشریف نے کہاپاکستان کی ہمیشہ خواہش ہے خطے میں امن قائم ہو ،اقتصادی ترقی و خوشحالی آئے،پاکستان ایران کےساتھ سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے کےلئے پرعزم ہے،امریکہ کےساتھ جوہری مذاکرات آگے بڑھانے کیلئے ایرانی قیادت کی دور اندیشی قابل تعریف ہے،دونوں ممالک کے درمیان تعمیری معاہدہ طے پانے سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے دور اندیشی کےساتھ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کےلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے ذاتی عزم کی تعریف کی۔