مودی دوبارہ حملے کیلئے اب 100 بار سوچے گا: وزیراعظم

مظفر آباد،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاک فوج نے بھارت کو چھٹی کا دودھ یاد دلایا،مودی دوبارہ حملے کیلئے اب 100 بار سوچے گا،جنگ کسی بھی لمحے انتہائی خطرناک رخ اختیار کرسکتی تھی، نتائج بہت بھیانک نکلتے،تاریخی فتح ملی،عزت شہدا ، غازیوں کی مرہون منت ہے ،دشمن ملنے والا سبق کبھی بھلا نہیں پائے گا۔

بھارتی جارحیت میں شہید پاکستانی شہریوں کے لواحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاپہلگام واقعہ بھارتی سازش کا حصہ ،پورری دنیا کو باور کرایا جھوٹا ،بے بنیاد الزام ہے، پاکستان عالمی تحقیقات کےلئے تیار ہیں مگر بھارت نے راضی ہونے کی بجائے پاکستان پر حملہ کردیا،جارحیت میں آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں میں 33 افراد شہید ہوئے، دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے دشمن کے 6 جہاز گرائے، الفتح میزائلوں سے چھٹی کا دودھ یاد دلادیا مگر بھارت باز نہ آیا اور حملے جاری رکھے۔

وزیراعظم نے کہادنیا کے بیشتر ممالک متفق تھے پاکستان حق پر ہے، بھارت غرور میں رہا دنیا کی طاقتیں ساتھ کھڑی ہوجائیں گی مگر بھارت کے دوست غیرجانبدار اورپاکستان کےساتھ ہوگئے،9 مئی کی رات بھارت پر حملہ کرنے کا فیصلہ کیا، سپہ سالار نے فون پر مجھ سے کہا دشمن کو ایسا زوردار تھپڑ لگایا جائے قیامت تک یاد رکھے، نتیجے میں پھر آپ نے دیکھا بھارت کا کوئی بھی ائیرپورٹ شاہینوں ،الفتح میزائلوں کی رینج سے باہر نہیں تھاپھر صبح 9 بجے سپہ سالار کا فون آیا بھارت جنگ بندی یعنی گھٹنے ٹیکنے کےلئے تیار ہے یہ ہے وہ تاریخ جو پاک فوج نے اپنے خون سے رقم کی اب مودی حکومت پاکستان پر حملہ آور ہونے سے پہلے 100 مرتبہ سوچے گی کیونکہ پتہ چل گیاپاک افواج پوری طرح تیار ہیں، 4دنوں میں بھارت کو بھرپور سبق سکھایا گیا۔

شہبازشریف نے کہاجنگ نے ابہام غلط ثابت کردیا پاکستان روایتی جنگ میں بھارت سے پیچھے رہ گیا ،ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی ضرورت پیش نہیں آئی،عزت شہدا ، غازیوں کی مرہون منت ہے ، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد تھی، اتحاد وہ دولت جو کسی بھی قوم کو نصیب ہوجائے تو بڑی سے بڑی مشکل آسان ہوجاتی ہے،اتحاد ،اتفاق کی طاقت سے ہی معاشی ترقی میں آگے بڑھنا ہے۔

وزیراعظم نے کہاچیف آف آرمی سٹاف کو فیلڈ مارشل کا خطاب قوم کی بہت بڑی عزت ہے ، دلیر سپاہی نے فرنٹ سے لیڈ کیا،آئی ایم ایف کا وفد تعریف کررہا ہے آپ نے بڑی محنت سے معیشت کو دوبارہ مستحکم کیا مگر اصل تعریف تب ہوگی جب قوم قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرکے فولادی قوم بنے گی، دن رات محنت کے ذریعے ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔

شہبازشریف نے کہاشہدا کے ورثا کو ایک کروڑ اور زخمیوں کو 20لاکھ روپے تک کے چیک دئیے گئے ،جلد باقی تمام کو بھی دےدئیے جائیں گے، افوج پاکستان کے شہدا کو رینک کے حساب سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے تک ادا کیے جائیں گے،شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کےلئے عہدے کے لحاظ سے ایک کروڑ 90 روپے سے لےکر 4 کروڑ 20 لاکھ روپے دئیے جائیں گے، شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک تنخواہ مع الاو¿نسز جاری رہے گی،بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم مہیا کی جائےگی، شہدا کی بیٹیوں کی شادی کےلئے 10لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دینگے۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان کی ہر حکومت نے کشمیریوں کی آزادی کےلئے آواز اٹھائی ،سفارتی سطح پر ہر طرح ساتھ دیا،24کروڑ عوام کی دعائیں کشمیری بہن بھائیوں کےساتھ ہیں جو دہائیوں سے بے پناہ ظلم برداشت کررہے ہیںجب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت نہیں مل جاتا پاکستان ساتھ دیتا رہے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے ملاقات کی،وفد نے معاشی اصلاحات ،مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

شہباز شریف نے واضح کیا پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، ترجیح ہے میکرواکنامک کےساتھ ادارہ جاتی اصلاحات میں بھی تیزی لائی جائے،علاوہ ازیںعالمی بینک نے حالیہ کارکردگی اور استحکام کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان نے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں مثبت اقدامات کر کے معاشی استحکام کو ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے وفد کی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بیئرڈہ کی قیادت میں ملاقات ہوئی،شہبازشریف نے کہا عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں بطور اہم شراکت دار کلیدی کردار ادا کیا،کنٹری پارٹنرشپ کی بدولت 20ارب ڈالر سے زائد کی ترقیاتی سرمایہ کاری ہوگی،عالمی بینک کے شکر گزار ہیں،حکومت عالمی بینک کی ترقیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات کے حصول کیلئے عملی اقدامات یقینی بنا رہی ہے، 2022 میں سیلاب سے لاکھوں لوگوں کا روزگار ، املاک متاثر ہوئیں تو عالمی بینک کی جانب سے بھرپور مدد کی گئی۔

عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر نے مہمان نوازی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاعالمی بینک پاکستانی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت ،ورلڈ بینک گروپ کے مابین تاریخی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،شراکت داری کی مضبوطی ،کنٹری پارٹنرشپ پروگرام کیلئے موثرکردار ادا کرنے پر وزیر اعظم کے خصوصی شکر گزار ہیں، پاکستان کی معاشی شعبے میں حالیہ کارکردگی ،استحکام مثالی ہے،پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام کیلئے مثبت اقدامات سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا،کنٹری پارٹنر شپ کے مثبت نتائج کیلئے تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر عالمی بینک نے کہا وزیر اعظم کی قیادت و پاکستانی عوام کی ترقی کیلئے عزم، دیرپا و پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل بالخصوص سیاسی سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ،ملکی پائیدار ترقی کیلئے صحیح ترجیحات کا تعین عالمی بینک کیلئے دوسرے ممالک میں پارٹنرشپ فریم ورک کیلئے قابل تقلید مثال بن گیا ،شہباز شریف کی شاندار اور مو ثر قیادت کی بدولت کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کو دنیا میں پاکستان ماڈل کا نام منسوب کیا جا رہا ہے، پر امید ہیںوزیر اعظم کا عملی اقدامات پر زور پارٹنرشپ فریم ورک کو کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔