اسلام آباد (بیورو رپورٹ) مخصوص نشستوں پر نظرثانی کیس میں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کے جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے 26 آئینی ترمیم کے بعد نظرثانی کیس کو چھوٹا بینچ بھی سن سکتا ہے،جب دو ججز خود بنچ میں نہیں بیٹھ رہے تو انھیں زبردستی کیسے بٹھائیں، تمام آئینی بنچز کےلئے نامزد ججز کو بنچ میں شامل کیا گیا،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 11 رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی، وکیل حامد خان اور فیصل صدیقی عدالت میں پیش ہوئے،وکیل حامد خان نے کہا میں نے متفرق درخواستیں دائر کی ہیں، آئینی بنچ کے سرابراہ جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے آپ کی درخواست ہمیں ابھی نہیں ملی، آپ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ سے پتہ کریں،وکیل سنی اتحاد کونسل فیصل صدیقی نے کہا میری دو متفرق درخواستیں بنچ کے سامنے ہیں، میں نے بنچ کی تشکیل پر اعتراض اٹھایا ،نظرثانی ہمیشہ مرکزی کیس سننے والا بنچ سنتا ہے، مرکزی کیس 13 رکنی بنچ نے سنا تو وہی بنچ اب نظرثانی سنے،جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد نظرثانی کیس اب چھوٹا بنچ بھی سن سکتا ہے، ترمیم کے بعد 13 رکنی بنچ کا فیصلہ اب 8 یا 9 رکنی آئینی بنچ بھی سن سکتا ہے،وکیل فیصل صدیقی نے کہا میرے لیے تمام ججز قابل احترام ہیں، میرا بنچ کے کسی ممبر کے وقار پر بھی کوئی اعتراض نہیں، میرے 11 رکنی بنچ کی تشکیل پر آئینی و قانونی اعتراضات ہیں،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے میں واضح کر دوں دونوں ججز نے خود بنچ سے علیحدگی اختیار کی، دو ممبران کی خواہش پر 11 رکنی بنچ تشکیل دیا،وکیل فیصل صدیقی نے کہا نظرثانی کےلئے ججز کی تعداد کا ایک جیسا ہونا ضروری ہے، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے یہاں 13 رکنی بنچ تھا دو خود علیحدہ ہوگئے،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس میں کہا دو ممبران نے نوٹس نہ دینے کا خود فیصلہ کیا، آپ ان ججز کو کیوں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ججز کے اپنے اعتراض کے بعد پیچھے کیا رہ جاتا ہے؟جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے وہ دونوں ججز اب بیٹھ کر کیا کریں گے، دونوں ججز اپنا فیصلہ دے چکے ہیں،جسٹس امین الدین خان نے فیصل صدیقی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ مزید کتنا وقت لیں گے؟،فیصل صدیقی نے بتایا اعتراضات پر تفصیل سے دلائل دوں گا، کوئی فرق نہیں پڑے گا اگر میں ایک سماعت اور لے لوں گا، میں کل بھی یہاں ہوں گا کل دلائل دے دوں گا،جسٹس امین الدین خان نے کہا آپ اعتراضات پر اتنے لمبے دلائل دے رہے ہیں، وکیل نے کہا میرے لیے کیس ضروری نہیں اور میرا موکل بھی ضروری نہیں ہے، میرے لیے عدالت کا نظرثانی دائرہ سماعت ضروری ہے، ایک بار طے ہو جانا چاہیے نظرثانی کون سا بنچ سنے گا،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے اختلافی نوٹ لکھنے والے دو ججز تو اکثریتی فیصلے میں اپنی رائے شمار کرنے پر بھی راضی نہیں ہیں، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ دونوں ججز کے اختلافی نوٹ کو اکثریتی فیصلے میں شمار کیا جائے گا،وکیل فیصل صدیقی نے کہا آئین یا قانون میں کہیں نہیں لکھا ہوا اختلافی نوٹ کو شمار کیا جائے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے جب دو ججز نے درخواستیں پہلی ہی سماعت پر خارج کر دیں تو پھر انھیں کیسے بٹھائیں،وکیل نے کہا آئینی کنونشن کا تقاضا ہے وہی عددی تعداد والا بنچ نظرثانی درخواستیں سنے جس نے پہلے سنا ہو، مستقبل کےلئے کم از کم اصول طے ہونا چاہیے،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد تو 13 رکنیبنچ کے فیصلے کےخلاف 8 یا 9 آئینی ججز کیس سن سکتے ہیں،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیےآرٹیکل 191 کے تحت آئینی بینچ میں مقدمات خودکار طور پر منتقل ہو جاتے ہیں، آئینی بنچ میں نامزد ججز کی کل تعداد 15 ہے، دو ججز ایسے ہیں جو پشاور ہائیکورٹ میں اس کیس کو سن چکے ہیں، باقی تمام ججز کو اس بنچ میں شامل کیا گیا ہے، بنچ کی تشکیل میں ججز کو پسند ناپسند کی بنیاد پر شامل نہیں کیا گیا، ہم نے تو چار یا تین والی بحث سے بچنے کےلئے طے کیا دو ججز کی رائے کو آخر میں شمار کیا جائے گا،وکیل نے دلائل میں کہا میں ایک تجویز دینا چاہتا ہوں، سنی اتحاد کونسل نظرثانی درخواستوں پر سماعت روکی جائے اور جوڈیشل کمیشن اجلاس بلا کر دو مزید ججز کو بینچ میں شامل کیا جائے،جسٹس امین الدین نے کہا ٹھیک ہے آپ دلائل دیں فیصلہ تو ہم نے کرنا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ویسے مزید ممبرز کو شامل کرنے پر کوئی پابندی تو نہیں ہے،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے دیکھیں ہم کسی کی خواہش پر نہ کیس بنا سکتے نہ کیس چلا سکتے ہیں، 23ویں آئینی ترمیم کے بعد اب طریقہ کار تبدیل ہو چکا ہے،وکیل نے کہا مستقبل کےلئے اصول طے کریں، کہیں کل یہ نہ ہو آئینی بنچ کے 3 جج بیٹھ کر فل کورٹ کے فیصلے کےخلاف کیس سن رہے ہوں، میں کل اپنے دلائل مکمل کر لوں گا،وکیل حامد خان نے کہا ہم نے رجسٹرار آفس سے چیک کرایا ہے، رجسٹرار آفس نے کہا ہے ہماری درخواست میں توہین آمیز زبان استعمال کی گئی ہے، آپ اس کا تعین کھلی عدالت میں کریں،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا اگر ہمارے سامنے بھی یہ بات ثابت ہوگئی آپ نے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے ہیں تو کیا ہوگا؟جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے اگر رجسٹرار آفس اعتراضات لگائے تو آپ اپیل دائر کر دیں،آئینی بنچ نے کیس کی سماعت آج ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی،سنی اتحاد کونسل نے معاملہ جوڈیشل کمیشن کو بھیجنے کی استدعا کر دی۔
مخصوص نشستیں کیس، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد نظرثانی کیس کو چھوٹا بنچ بھی سن سکتا ہے، جسٹس امین الدین

















