5نہیں 6بھارتی طیارے گرائے،دشمن کے چاروں طبق روشن،مودی جواب قیامت تک یاد رکھے گا:وزیراعظم


اسلام آباد ،کامرہ:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکہ حق میں دفاع وطن کے دوران بھارتی طیاروں کو تباہ کرکے پاکستان کی فضائی برتری قائم کرنےوالے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کیلئے کامرہ ائیربیس کا دورہ کیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزراءخواجہ آصف ، احسن اقبال، عطا تارڑ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی موجود تھے،شہبازشریف نے معرکہ حق میں حصہ لینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور حوصلے کو سراہا

وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں 6 جہاز مار گرائے جس طرح 3 رافیل کو نشانہ بنایا مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھے گی، پاکستان کی تاریخ میں شان دار فتح پہلے کبھی نصیب نہیں ہوئی ، دشمن کو پیغام دیا دوبارہ میلی سے دیکھا تو پاوں تلے روند دیں گے،شاندار فتح نے خطے اورپوری دنیا میں توازن کو تبدیل کردیا ،تھانیدار کا بت پاش پاش،واضح پیغا م دےدیا دوبار جارحیت پر پاﺅں تلے رونددیں گے، ابھی میں قوم کے عظیم ماوں کے بیٹوں سے مل کر آیا ہوں جنہوں نے مختصر جنگ میں دشمن کے نہ صرف دانت توڑے بلکہ گھمنڈ اور غرور کو بھی اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارت ،دلیری کےساتھ خاک میں ملایا۔

شہباز شریف نے کہا 6 مئی سے لے کر 10 مئی کے جو دن گزرے ہیں اور 10 مئی کو اختتام سے پہلے پوری دنیا کو آپ نے اپنی اعلیٰ ترین مہارت سے ورطہ حیرت میں ڈال دیا، دشمنوں کے چاروں طبق روشن کردئیے اور دوستوں کے اعتماد کو آسمان تک پہنچا دیا،پاک فوج کی شاندار کامیابی پر سب کی گردنیں اللہ کے حضور جھکی ہوئی ہیں مگر دشمن کو پیغام دیا دوبارہ میلی سے دیکھا تو پاو¿ں تلے روند دیں گے جنہوں نے فرنٹ سے لیڈ کیا، سپہ سالار جنرل عاصم منیر، ایئرچیف ظہیربابرسندھو اور نیول چیف کو مبارک پیش کرتا ہوں،ایسا دشمن جو آبادی کے لحاظ سے کئی گنا بڑا ہے اور حالیہ برسوں میں کئی100 ارب ڈالر خرچ کرکے دنیا کا سب سے جدید اسلحہ خریدا اور عالمی طاقتوں کو بتایا خطے میں وہی تھانیدار اور وہی پولیس مین ہے لیکن 10 مئی کی شام کو شاہینوں نے تھانیدار کا بت پاش پاش کردیا اور رہتی دنیا تک اب وہ غرور اور گھمنڈ میں مبتلا نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا مختصر جنگ کے چند گھنٹوں میں اپنی بہادری اور دلیری سے شاہینوں نے وہ تاریخ رقم کی قیامت تک دوست اور دشمن پڑھتے رہیں گے، 10 گھنٹوں سے کم وقت میں دشمن کو شکست دی اور پاکستان کا جھنڈا وہاں تک بلند کیا جہاں پوری دنیا احترام سے دیکھ رہی ہے،جنگ میں دشمن اور ہم میں یہ فرق تھا صبرو تحمل ، برداشت کا دامن نہیں چھوڑا اور فیصلہ کیا دشمن نے امن کی پیش کش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا ، جواب بہت سوچ سمجھ کر دیں گے، دشمن نے ننھے پھولوں کو ختم کردیا، جنہیں کھلنے سے پہلے مرجھا دیا، دشمن نے معصوم بچوں، ماو¿ں اور جوانوں کو نشانہ بنایا جبکہ ہم نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر دشمن کے اوسان خطا کیے اور ہوش گم ہوگئے،وطن کےلئے جو جوان جان کی قربانی دے گئے ہیں قیامت تک کبھی بھلایا نہیں جائے گا،سب مل کر پاکستان کی مٹی کی لاج رکھیں گے اور صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کی طرف سے پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کے اظہار پر صدر الہام علیوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان اور آذربائیجان ہمیشہ سچے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، صدر الہام علیوف کی مستقل حمایت پاکستانی عوام سے بے پناہ محبت ،پیار کا ایک اور مظہر ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر آذربائیجان کے برادر عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ایک بار پھر دونوں ممالک کے مابین پائیدار اور دیرینہ دوستی کا اظہار ہوا ، پاکستان اور آذربائیجان کے عوام ہمیشہ سچے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کےساتھ کھڑے رہے ہیں۔

شہبازشریف نے بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا سامنا کرنے کےلئے پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع کرے گا، جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیاد ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، وزیر اعظم نے کشمیر کاز کےلئے پاکستان کی اصولی حمایت پر صدر علیوف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان آذربائیجان کے درمیان خصوصی اور وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والے برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا پاکستان دوستی کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کےلئے پوری طرح پرعزم ہے، پاکستان کے مختلف شعبوں میں آذربائیجان کی طرف سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دینے کےلئے ہونےوالی پیش رفت پر اطمینان کا بھی اظہار کیا،وزیر اعظم نے صدرالہام علیوف کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کی تجدید بھی کی جو صدرالہام علیوف نے قبول کر لی۔

صدر علیوف نے امن کےلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا آذربائیجان پاکستان کےساتھ تمام شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے پرعزم ہے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کو آسان شرائط پر زرعی قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے، ملکی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی تحقیق پر توجہ مرکوز کرنے اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے متعلقہ فریقین کی مشاورت سے مربوط حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا زرعی خودکفالت کے حصول کےلئے زراعت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، معیشت کی فوری ترقی کیلئے زرعی شعبے کی وسیع استعداد کو بروئے کار لائیں گے۔