اگر مذاکرات ہوئے تو بھارت سے تین اہم نکات پر بات ہوگی: خواجہ آصف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ہوئے تو تین اہم نکات پر بات چیت ہوگی۔ اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت سے کشمیر، دہشت گردی اور پانی سے متعلق بات چیت ہوگی، دہشت گردی گزشتہ 20 یا 30 سال سے ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے پاس یہ سنہری موقع ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر بات کرکے ایک اور پیشرفت کی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کا معاملہ بھی زیر بحث آنا چاہئے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے اور کتنی بڑی ستم ظریفی ہے کہ دہشت گردی کے شکار ملک پر الزام لگا کر حملہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ ہفتہ 10 مئی کو بھارتی جارحیت پر پاکستان کی جانب سے چند گھنٹوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوگئی تھی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کیلئے امریکہ نے ثالث کا کردار ادا کیا تاہم یہ جنگ بندی بھارت کی درخواست پر کی گئی۔