بھارت کیخلاف عظیم کامیابی پر ملک گیر یوم تشکر، جشن، ریلیاں،شاندار آتشبازی

اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، مظفر آباد، نارووال، سیالکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور: (اپنے رپورٹر سے+ نمائندگان) بھارت کیخلاف عظیم کامیابی پر ملک گیر یوم تشکر، جشن، ریلیاں، سبزہلالی پرچموں کی بہار، فضا پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے آپریشن ”بنیان مرصوص“ کی کامیابی پر یوم تشکر منانے کے اعلان پر ملک بھر میں بھرپور جشن منایا گیا۔

لاہور، پشاور، کراچی، کوئٹہ، مریدکے، نارروال، سیالکوٹ، راولپنڈی، ایبٹ آباد، کشمور، کوئٹہ، گوادر، پشاور، ہری پور، ڈیرہ اسماعیل خان ، اٹک، کراچی،گھوٹکی، ڈیرہ غازیخان، کندھ کوٹ، فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، رینالہ خور، چنیوٹ، وہاڑی، قصور، سوات، مہمند، نوشہرہ، قلعہ بالاحصار، مظفر آباد سمیت تمام شہروں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور عوام کی جانب سے اظہار تشکر ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکا ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

اقلیتوں نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کےلئے ریلیاں نکالیں، تحریک بیداری امت مصطفی اور المصطفیٰ سکاﺅٹس اوپن گروپ کے زیر انتظام پنجاب اسمبلی کے باہر دفاع وطن پریڈ کا اہتمام کیا گیا، پشتون برادری کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہرفوج کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، پاکستان کے جھنڈے اٹھائے پشتون شہری پاک فوج کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

ریلیوں میں شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہاپاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے بہترین حکمت عملی سے جنگی و سفارتکاری میدان میں دشمن کو بد ترین شکست سے دوچار کیا، دشمن پر واضح ہو گیا پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، بھارت اب کبھی جارحیت کی جرات نہیں کریگا، پاک فوج نے ازلی دشمن کو ناکوں چنے چبوا دئیے،ہر لمحے منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار ہیں۔