فیس سیونگ نہیں، شہادتوں کا بدلہ چاہیے: حافظ نعیم الرحمن

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے آج ملک بھر میں ”یوم عزم“ منایا جائے گا جس میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور بھارت کی جارحیت کےخلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی،منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا بھارت کے حملے میں 30 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے جن کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی قابل تحسین ہے، تاہم موجودہ حالات میں مزید ٹھوس اور واضح اقدامات کی ضرورت ہے، بھارت کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے،حکومت فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائے اور ملکی یکجہتی کو یقینی بنائے،حافظ نعیم نے کہا بھارت و اسرائیل کا رویہ یکساں ہے، اس وقت بھی بھارت اسرائیلی اسلحہ استعمال کر رہا ہے، غزہ پر قبضے کےخلاف سات یورپی ممالک کا موقف قابل تحسین ہے، پاکستان کو بھی عالمی سطح پر جارحیت کےخلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔