قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کارروائی کا مکمل اختیار دےدیا

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے بھارت نے پاکستان میں مساجد اور سول آبادی کو رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 26 معصوم شہری شہید اور 46 افراد زخمی ہوئے،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں ہونےوالے بزدلانہ حملے کے بعد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارت نے جن جگہوں کو نشانہ بنایا وہاں سول آبادی تھی، احمد پور شرقیہ میں 13 شہادتیں ہوئیں جبکہ مرید کے میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا جہاں 3 شہادتیں ہوئیں، بھارت کی جانب سے مساجد کو نشانہ بنایا گیا، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اس تنگ نظر سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو مودی کی حکومت میں ہندوتوا کے زیر تسلط بڑھ رہی ہے جس میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے، پاک فوج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 طیاروں اور ایک کمبیٹ ڈرون کو مار گرایا، بھارتی طیاروں کو جنرل ایریا بھٹنڈا، اکھنور، اونتی پور اور ایک مقبوضہ سری نگر میں بھارتی طیاروں کو مار گرایا گیا، ان طیاروں کو اس وقت گرایا گیا جب طیاروں نے پاکستان پر حملہ کیا، تباہ ہونے والے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک سکوئی اور ایک کمبیٹ ڈرون شامل ہے،لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا پاک فضائیہ اور فوج نے بھارت کی کئی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، سیز فائر کی خلاف ورزی کرنےوالے بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا، چھتری پوسٹ، جورا پوسٹ، شاہپور تھری پوسٹ اور دیگر پوسٹوں کو نشانہ بنایا،ایک اور انتہائی افسوسناک عمل بھارت کی جانب سے یہ کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے نوسیری ڈیم کے سٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا، ہائیڈرو سٹرکچر کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک شر انگیزی ہے، کیا ہندوستان پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، کیا بھارت جانتا ہے اس کے کیا اثرات ہوں گے، اس کا کیا مطلب ہے، کیا بین الاقوامی قوانین اور جنگی روایات اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ آپ کسی اور ملک کے پانی کے ذخائر اور ڈیمز کو نشانہ بنائیں،بھارت کی جانب سے ایک اور خطرناک اور ناقابل قبول حرکت یہ کی گئی کہ جب بھارت نے بزدلانہ کارروائی کی تو اس وقت بہت سی قومی اور بین الاقوامی پروازیں پاکستانی فضائی حدود میں تھیں، ہزاروں کی تعداد میں سویلین مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالی گئیں، حملے کے وقت 57 بین الاقوامی پروازیں پاکستانی فضائی حدود میں تھیں،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارت نے پاکستان پر جو جارحیت کی ہے اس کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جاتا رہے گا۔

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اختیار دےدیا،وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ختم ہوگیا جس میں اعلیٰ فوجی حکام، وزرا اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں،اعلامیے کے مطابق فورم نے بھارت کے حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کےلئے فاتحہ خوانی کی، شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی،قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے بلااشتعال، بزدلانہ اور غیرقانونی جنگی اقدام سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر غور کیا،اعلامیے میں کہا گیا 6 اور 7 مئی کی شب بھارتی مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختار سرزمین پر مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے، جن میں پنجاب کے علاقوں سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے ، بہاولپور کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کے علاقے کوٹلی اور مظفرآباد شامل تھے، حملے بلااشتعال اور بلاجواز تھے اور دانستہ طور پر شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جنہیں بھارت نے نام نہاد دہشت گرد کیمپس کی موجودگی کا جھوٹا بہانہ بنا کر نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں معصوم مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے اور شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جن میں مساجد بھی شامل تھیں، بھارت کے جارحانہ اقدام سے برادر خلیجی ممالک کی کمرشل پروازیں بھی شدید خطرے سے دوچار ہوئیں جس سے ہزاروں مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں، علاوہ ازیں نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو بھی جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا جو بین الاقوامی کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی ہے،این ایس سی نے غیرقانونی اقدامات کی شدید مذمت کی جنہیں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور جو بین الاقوامی قانون کے تحت واضح طور پر جنگی اقدامات کے زمرے میں آتے ہیں،اعلامیہ کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت، پاکستان کو اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق حاصل ہے، پاکستان کسی بھی وقت، جگہ اور طریقے سے اپنے معصوم شہریوں کی شہادت اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کا بدلہ لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، این ایس سی بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتی ہے وہ بھارت کی بلااشتعال اور غیرقانونی کارروائیوں کی سنگینی کو تسلیم کرے اور بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کی کھلی خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے،قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا پاکستان وقار اور عزت کےساتھ امن کےلئے پر عزم ہے اور واضح کرتا ہے وہ اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنی باعزت قوم کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاک فوج کی جانب سے بھارت کی بزدلانہ کارروائی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، بھارت کے بزدلانہ حملے پر اسلام آباد میں تعینات بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارتی ناظم الامور کو متنبہ کیا گیا ہے ایسے لاپرواہ بھارتی روئیے سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں،ترجمان وزارت خارجہ نے کہابھارت کا جارحانہ اقدام پاکستان کی خودمختاری کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹراور بین الاقوامی قانون کے منافی ہیں، پاکستان نے بھارت کے دشمن رویے کے بے بنیاد جواز کو سختی سے مسترد کر دیا ہے،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے بھارت کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا ایک گھنٹہ سرحد پر جنگ رہی، بھارت کے حملے کی اطلاع کل رات 10 بجے مل گئی تھی، پاک فضائیہ کو صرف پے لوڈ گرانے والے طیاروں کو گرانے کی اجازت دی گئی تھی، گزشتہ رات 10 بجے انٹیلی جنس اطلاع مل گئی تھی بھارت کچھ کرے گا، ہم نے فیصلہ کیا تھا پہل نہیں کریں گے، اعلان کیا تھا اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا،نائب وزیر اعظم نے کہا آج تک پلوامہ واقعے میں بھی پاکستان کا کوئی عمل دخل ثابت نہیں ہوا، موجودہ صورتحال میں بھارت کی بدنیتی واضح ہے،پاک فضائیہ کو صرف پے لوڈ گرانے والے طیاروں کو گرانے کی اجازت دی گئی تھی، پاک فضائیہ نے احتیاط کا مظاہرہ کیا ورنہ بھارت کے 10 سے 12 طیارے تباہ ہوتے، بھارت کےخلاف لڑائی میں ہم نے چین کے اشتراک سے تیار کردہ جے ٹین سی جیٹ طیارے استعمال کیے، جس انڈین فائٹر نے پے لوڈ گرایا، ہم نے اسے نشانہ بنایا، ہم نے 5 انڈین طیارے، 3 فائٹرز جہاز 2 ان مینڈ کاپٹرز گرائے،اسحاق ڈار نے کہا قوم مسلح افواج کو مستعد رہنے اور جواب دینے پر مبارکباد دیتی ہے، وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہوسکتی ہے، نیوکلیئر جنگ کی صورت میں ساری ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی،بھارت کے ساتھ صورتحال کشیدہ اور بھارتی آبی ذخائر کو نشانہ بنانا بھی آپشن ہو سکتا ہے، پاکستان پر کسی طرح کا عالمی دباو نہیں بھارت نے پہل کی ہے تو ہم جواب دیا، دوبارہ جارحیت کی گئی تو دوبارہ جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد ،راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فوج نے بھارت کے مزید 4 ڈرون مار گرائے، تعداد 7 ہوگئی،سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ڈرونز نے پاکستانی حدود میں دراندازی کرنے کی کوشش کی جس پر پاک فوج نے پکھلیاں، سیالکوٹ سیکٹر میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے چار اور ڈرونز کو مار گرایا،پاکستان نے جدید دفاعی اور تکنیکی ای ڈبلیو صلاحیتوں کی وجہ سے نیچے اتار کر دو مزید بھارتی ڈرونز کو قبضے میں بھی لے لیا،اس سے قبل برنالہ، شکر گڑھ اور کوٹلی سیکٹر میں بھی بھارت کے تین ڈرونز گرائے جا چکے ہیں، اب تک کل 7 بھارتی ڈرونز گرائے جا چکے ہیں، ان میں ایک بڑا ہیرون مسلح ڈرون بھی ہے،دریں اثناءپاکستان کی جوابی کارروائی کے خوف کے باعث بھارت نے پورے ملک میں الرٹ جاری کردیا اور اپنے 25 ائیرپورٹس 9 مئی تک بند کردئیے جن میں سری نگر، جموں، لیہہ، امرتسر، پٹھان کوٹ، چندی گڑھ، جودھ پور، جیسلمیر، شملہ، دھرمشالہ اور جام نگر اور دیگر شامل ہیں،بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ائیر لائنز نے 200 سے زائد پروازیں بھی منسوخ کردی ہیں اور کئی ائیر لائنز نے اپنے فلائٹ آپریشنز بھی بند کردئیے،بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیرپورٹس بند اور سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے بھارتی ائیرلائنز کو کروڑوں بھارتی روپے کا نقصان ہورہا ہے۔