اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان نے فتح سیریز کے زمین سے زمین پر مار کرنے والے ”فتح “ میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر لیا،آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے، تجربہ جاری مشق اندس کا حصہ تھا،تربیتی تجربے کا مقصد افواج کی عملی تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم سمیت تکنیکی صلاحیتوں اور درستگی کو جانچنا تھا، تجربہ پاک فوج کے سینئر افسران کےساتھ ساتھ پاکستان کے سٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی ملاحظہ کیا،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف نے تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی،پاکستان آرمی کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت مکمل اعتماد کے قابل ہے، مادر وطن کی علاقائی سالمیت کےخلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،وزیرِ اعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف زرداری،وزیر داخلہ محسن نقوی نے زمین سے زمین پر وار کرنے والے فتح میزائل کی تربیتی لانچ کی کامیابی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف، آرمی چیف اور تیاری میں شامل سائنسدانوں و انجینئروں کو مبارکباد دی دیتے ہوئے کہا تربیتی لانچ کی کامیابی سے واضح ہے پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی نے پہل گام واقعہ کے بعد بھارتی جارحیت کےخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی،قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر کی زیر صدارت ہوا جس میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے پہلگام واقعے اور پانی کے معاملے کی مذمت کی،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا پاکستان نے بار بار آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا، پاکستان سے زیادہ دہشت گردی کے نقصان سے کون واقف ہے، پہلگام واقعے پر بحث کرانے کیلئے ایوان میں تحریک پیش کی گئی اور اس دوران قومی اسمبلی میں معمول کی کارروائی معطل کردی گئی، تحریک وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی،بعد ازاں پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحیت کےخلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا،قرارداد میں کہا گیا قومی اسمبلی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے، پاکستان بھارتی الزامات کو مسترد کرتا ہے، پاکستان کسی بھی بھارتی اقدام کا فیصلہ کن جواب دے گا، پاکستان اپنی خودمختاری کا مکمل دفاع کرے گا،پاکستان کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، کشمیری اپنے حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ پاکستان کا معاملہ ہے ہم سب پاکستانی ہیں، ہم قرارداد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اگر پاکستان کا پانی روکا گیا تو یہ جنگ کے شروع کرنے کا مترادف ہوگا، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا پہلگام واقعے کا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں، شہباز شریف کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش سے دکھ ہوا جب ہمارا واقعے سے کوئی تعلق ہی نہیں تو تحقیقات کا حصہ کیوں بنیں؟، اس وقت پاکستان کو ایک مضبوط قیادت کی ضرورت ہے ، بھارت کسی بھی وقت حملہ کرسکتا ہے، کمزور قیادت مقابلہ نہیں کر سکتی،بیرسٹر گوہر نے کہا پہلگام واقعہ اور بھارتی اقدامات کےخلاف ہم متحد ہیں، فوج کےساتھ کھڑے ہیں، پی ٹی آئی واضح طور پر دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پراے پی سی بلائی جانی چاہیے تھی، کل کی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے موقف ہے سندھ طاس معاہدے پر اے پی سی ہونی چاہیے تھی نہ کہ بریفنگ، پاکستان کے دفاع کیلئے پی ٹی آئی سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،مصطفی کمال نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، پہلے کا پاکستان اور آج کا پاکستان مختلف ہے، قوم یک زبان ہو کر فوج کےساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، تھینک یو انڈیا، آپ نے مس کیلکولیشن کی وجہ سے ہمیں ایک کر دیا، بھارت کو دشمن مان کر قوم ایک ہو گئی، ہر شخص آج پاکستان کی فوج اور ریاست کےساتھ کھڑا ہے، فضل الرحمن نے نکتہ اعتراض پر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا قومی اسمبلی کے اجلاس میں سنجیدگی نظر نہیں آرہی، حکومتی بنچوں پر نشستیں خالی ہیں، حکومت کو چاہیے تھا کہ ایوان کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے، میں بڑے جوش سے پارلیمنٹ آیا تھا، ایسے حالات ہیں اور ایوان میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آئی، یہ کہتے ہوئے فضل الرحمن قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آو¿ٹ کرگئے،قبل ازیںسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت ہاو¿س بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کارواں اجلاس 16 مئی تک جاری رکھنے ،پہلگام واقعہ پر مفصل بحث کرانے کا فیصلہ کیا گیا ،ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے اطلاعات ہیں بھارت ایل او سی کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے، بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائےگا، شہباز شریف پہلے کہہ چکے ہیں بین الاقوامی کمیشن بن جائے جو پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے، تحقیقات سے پتہ چل جائےگا بھارت خود ملوث ہے یا وہاں کا کوئی گروپ، یہ بھی واضح ہو جائے گا جو پاکستان پر الزام لگ رہا ہے اس میں کیا صداقت ہے، فیصلہ ہو جانا چاہیے مودی جھوٹ بول رہا ہے یا سچ بول رہا ہے، اس کے بعد اس کو کہیں کہ نریندر مودی تم جھوٹے ہو، ساری دنیا کا امن تباہ کر رہے ہو، مودی سے کہیں تم نے بر صغیر کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے،وزیر دفاع نے کہا مودی صرف اپنا ووٹ بنانے کےلئے ڈرامہ کر رہا ہے، بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت ہم نے 2016 اور 2017 میں اقوام متحدہ میں دئیے تھے، ثبوتوں میں ویڈیوز موجود ہیں بھارت کیسے لوگوں کو پیسے دے کر دہشت گردی کراتا ہے، آج بھی ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ افغانستان کی سرزمین سے ہو رہا ہے، بلوچستان ہو یا خیبرپختونخوا، وہاں دہشت گردی افغانستان سے ہوتی ہے، پیچھے بھارت ہے،خواجہ آصف نے مزید کہا بھارتی آبی جارحیت کےخلاف ہر فورم پر جائیں گے اگر بھارت نے حملہ کیا تو مودی کو گھر پہنچا کر آئیں گے،ہم مالیاتی طور پر مضبوط ہیں اور عسکری اعتبار سے بھی مضبوط ہیں، بالکل اطمینان رکھیں اللہ ہمارے ساتھ ، ہماری افواج ہرقسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے تیار کھڑی ہیں،خطرہ بدستور ہے، ہماری تیاریاں بالکل مکمل ہیں، ایک سیکنڈ کی بھی کمی نہیں، بھارت اور مقبوضہ کشمیر سے جو پانی آرہا ہے وہ معمول سے بہت کم ہے، پانی کی بندش کے معاملے پر فورم موجود ہے جہاں ہم جاکر بات کرسکتے ہیں،بہار کے الیکشن تک مودی رولا ڈالے رکھے گا، پھر اپنی اوقات پر آجائے گا،علاوہ ازیںنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے ماضی میں کی گئی مہم کو لمحوں میں ناکام بنادیا، پہل نہیں کریں گے، ہم الرٹ ہیں، بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے، ہم اپنے حصے کا ایک بوند پانی بھی نہیں چھوڑیں گے،علاقائی مکالمہ 2025 کے عنوان سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ منسوخ نہیں کرسکتا، بھارت کا یکطرفہ معاہدہ منسوخ کرنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا،پاکستان پہلگام واقعے میں بلکل ملوث نہیں، بھارت نے بغیر کیس ثبوت کے بے بنیاد الزامات لگائے،نائب وزیر اعظم نے کہا ماضی میں کی گئی مہم کو لمحوں میں ناکام بنادیا،بھارتی فضائیہ کو اسی کی زبان میں جواب دیا، بھارتی طیاروں نے ایک بار پھر کوشش کی نہیں انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا، ہم الرٹ ہیں، بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے، ہم اپنے حصے کا ایک بوند پانی بھی نہیں چھوڑیں گے، دنیا اس وقت مشکل وقت سے گزر رہی ہے، امن اور خوشحالی ہم سب کا مشترکہ ہدف ہونا چائیے، ماحولیاتی تبدیلی کا اثر آنے والی نسلوں پر پڑے گا، مسئلہ کشمیر ،فلسطین کے باعث خطے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا داعی رہا ہے، پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کیا گیا، پہلگام حملے کا مقصد بھارت میں جاری تحریکوں سے توجہ ہٹاناتھا، بھارت کے اقدامات خطے اور دنیا میں امن کےلئے خطرہ ہیں، پاکستان کسی بھی صورتحال میں پہلا قدم نہیں اٹھائے گا لیکن اگر بھارت کی جانب سے جارحیت ہوئی تو پوری طاقت سے جواب دیں گے۔
پاکستان کا ایک اور میزائل تجربہ ، بھارتی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دینگے، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
















