اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک بھارت کشیدگی پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ اورڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کو ان کیمرہ بریفنگ دی۔
بریفنگ کا اہتمام پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں کیا گیا ،پی ٹی آئی کے سوا تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔
رہنماﺅں میں سینیٹر پلوشہ خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، قمر زمان کائرہ، امیر مقام، بلال اظہر کیانی، مصطفی کمال، کھیئل داس کوہستانی، محسن شاہنواز رانجھا، علی حیدر گیلانی، سردار عتیق، خرم دستگیر، عابد شیر علی، پرویز خٹک، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر عبدالشکور ،فاروق ستار ودیگر شامل ہیں،شرکا کو موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال ،پاک فوج کی دفاعی تیاریوں، سفارتی اقدامات اور ریاستی موقف سے آگاہ ،قومی بیانئے اور آئندہ کی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا گیا،پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ صورتحال میں بریفنگ قومی یکجہتی ، اتحاد واتفاق کی اعلیٰ مثال ہے۔
قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے بھارت کو دنیا کی طرف سے وہ رسپانس نہیں ملا جو وہ چاہتا تھا،پہلگام واقعہ کا پاکستان سے دور دور تک کا کوئی تعلق نہیں ،2019 میں بھارت کے 2 جہاز گرائے، پائلٹ کو چائے پلا کر واپس بھیجا، بھارت اگر دوبارہ ایسا کچھ کرے گا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
عطا تارڑنے کہا بھارت پوری دنیا میں دہشت گردی کو پروموٹ کرے گا توکیوں بات کی جائے گی،وزیر اعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعہ پر تحقیقات کی پیش کردی ،موجودہ صورتحال میں پوری قوم متحد ہے،اپوزیشن کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں،فی الحال اپوزیشن کے کسی بیان کا جواب نہیں دینا چاہتے۔
پاک بھارت کشیدگی پر وزیر اطلاعات ،ڈی جی آئی ایس پی آر کی سیاسی رہنماﺅں کو اہم امور پر بریفنگ
















