راولپنڈی: (بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے بھارت غلط فہمی میں نہ رہے،کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری فیصلہ کن اور ٹھوس جواب دینگے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کر کے منگلا سٹرائیک کور کی مشق ہیمر سٹرائیک کا مشاہدہ کیا،ٹلہ فائرنگ رینجز آمد پر کور کمانڈر نے خیرمقدم کیا، مشق جنگی تیاری، میدان جنگ میں ہم آہنگی اور جدید ترین ہتھیاروں کے نظام کی عملی یکسوئی کو جنگی حالات میں جانچنے کیلئے ترتیب دی گئی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا مشق میں کثیرالجہتی فضائی طاقت، طویل فاصلے تک مار کرنے والی آرٹلری، جنگی ہیلی کاپٹرزاور جدید انجینئرنگ تکنیکوں کا کامیاب استعمال کیا گیا،فوجی دستوں نے ہم آہنگ جارحانہ چالوں کے دوران غیر معمولی جنگی ہم آہنگی، پھرتی اور مہارت کا مظاہرہ کیا، اعلیٰ پھرتی و مہارت فوجی دستوں کی اعلیٰ تربیت ، پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
آرمی چیف نے افسروں ،جوانوں کے بلند حوصلے، جنگی مہارت ،بہادری کو سراہتے ہوئے پاک فوج کی آپریشنل برتری کا عملی نمونہ قرار دیا ۔
جوانوں سے خطاب میں جنرل سید عاصم منیر نے قوم کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کوئی ابہام نہ رہے، بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری اور ٹھوس جواب دیا جائے گا،پاکستان علاقائی امن کا خواہاں مگر قومی مفادات کے تحفظ کیلئے تیاری اور عزم غیر متزلزل ہے،مسلح افواج ہر قیمت پر ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق دشمن کو دھول چٹانے کےلئے پاک فوج کی جنگی مشقیں پورے زور و شور سے جاری ہیں ،جنگی حکمت عملی کے پیش نظر مشقوں میں جدید ہتھیاروں کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے،پاک فوج کے افسرو جوان اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں کا بھرپور طریقے سے اظہار کررہے ہیں،مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بروقت، بھرپور اور منہ توڑ جواب دینا ہے۔
بھارت غلط فہمی میں نہ رہے،کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری فیصلہ کن اور ٹھوس جواب دینگے:آرمی چیف

















